
اسلام آباد(ویب ڈیسک،فوٹو فائل) پاکستان مسلم لیگن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے
بیانیے میں کوئی اختلاف نہیں ہے دونوں کا بیانیہ ایک ہی اور ووٹ کو عزت دینے کا ہے، 25 جولائی کے بعد سے اس بات کا شور وہ لوگ مچا رہے ہیں جو ووٹ چور، آئین شکن اور جھوٹے ہیں، معیشت کی تباہی، کشمیر کے سودے میں صرف ایک شخص ملوث ہے جس کا نام عمران خان ہے، بجلی گیس اور پیٹرول سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آج ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹا کمشن کدھر ہے؟ پی ٹی آئی حکومت کو صرف اپنی اے ٹی ایمز کی فکر ہے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ جھوٹی حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ معطل ہو چکا ہے، عوام کو نوکریاں اور گھر دینے کے وعدے پر حکومت میں آنے والوں نے پچاس لاکھ لوگوں کو بےروزگار کردیا ہے، شہباز شریف پر الزامات لگانے والے آج ان سے معافیاں مانگ رہے ہیں اور کیس واپس لینے کی منتیں کر رہے ہیں۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس وقت جھوٹے ووٹ چور آئین شکن ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔ 25 جولائی کے بعد سے یہ شور مچایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت میں اختلافات پیدا ہو گئے ہیں، حالانکہ نوازشریف اور شہباز شریف کا بیانیہ بالکل واضح اور ایک ہے جو کہ ووٹ کو عزت دو کا ہے۔




































