
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے
ملاقات کے لئے غیر مکی صحافیوں کے واہگہ کے راستے پاکستان آنے پر پابندی کا بھارتی فیصلہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہےعالمی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک کر دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا نام نہاد دعوی ایک بار بے نقاب ہوگیا ہے۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فارن میڈیا کے نمائندوں کو پاکستان آنے سےروک کر مودی حکومت نے اپنے ان دعوﺅں کی نفی کی ہے جو اس کے وزیر خارجہ نے حال ہی میں اعتدال پسندی، بات چیت اور عالمی قانون کے درس کے طور پر دنیا کے سامنے کئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئی دہلی میں مقیم نیویارک ٹائمز، رائٹرز اور دی اکنامسٹ کے نمائندوں کو پاکستان آنے سے روکنا بھارت کے اس خوف میں مبتلا ہونے کا واضح ثبوت ہے کہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے پیشہ ورانہ امور میں رکاوٹ ڈالنا اور آزادانہ رپورٹنگ کے مسلمہ بین الاقوامی حق سے روکنا 5 اگست 2019کے فسطائی، یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی انتہاپسندانہ ذہنیت کا تسلسل ہے جس کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کا بنیادی حق استصواب رائے سلب کرنے کی کوشش کی گئی۔




































