
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی،فوٹو فائل) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترک وزیر داخلہ نے ملاقات کی، پاکستان ترکیہ
دیرینہ و مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا،جمہوریہ ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا، جو اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، کی وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم نے ترک وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انکا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے ملاقات میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کیلئے تہنیتی پیغام دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، پولیس کی تربیت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تجارت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اہم امور پر پاکستان کے موقف کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری امن مذاکرات میں سہولت کاری میں کردار ادا کرنے پر ترکیہ کی قیادت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
ترک وزیر داخلہ نے ان کی اور ترک وفد کی بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر ایردوان کی جانب سے وزیراعظم کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس کے اشتراک اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔





































