
واشنگٹن ( ویب ڈیسک،فوٹو فائل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے
کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کریں گے۔ امریکا–سعودی بزنس فورم سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے واشنگٹن سے اس بحران کے حل کے لیے مضبوط کردار ادا کرنے کی خصوصی درخواست کی ہے، جس کے بعد اس معاملے پر باضابطہ پیشرفت شروع کی جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سوڈان ابتدا میں ان کی ترجیحات میں شامل نہیں تھا، تاہم وہاں کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال نے انہیں فوری ایکشن لینے پر مجبور کر دیا ہے، ان کے مطابق سوڈان کا بحران نہ صرف ان کے کئی دوستوں بلکہ فورم کے شرکاء کے لیے بھی گہری اہمیت رکھتا ہے، اسی وجہ سے اب امریکہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔
سوڈان میں 2023 سے حکومتی افواج اور باغی ملیشیا ریپڈ سپورٹ فورس (آرایس ایف) کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ گزشتہ ماہ آر ایس ایف نے الفشر شہر پر حملہ کر کے اسے مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا جس کے نتیجے میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔





































