
غزہ (ویب ڈیسک،فوٹوفائل)غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں
مزید 23 فلسطینی شہید ہوگئے۔ قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق غزہ کے مختلف اسپتالوں کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں نے غزہ شہر اور خان یونس دونوں علاقوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کے زیتون محلے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے، جب کہ خان یونس کے مغربی حصے میں یو این آر ڈبلیو اے کی عمارت پر حملے کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شجاعیہ جنکشن اور صلاح الدین اسٹریٹ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، جبکہ اسی محلے میں ایک اور حملے میں اسرائیلی ٹینک سے داغے گئے گولے نے ایک شخص کی جان لے لی اور کئی افراد زخمی ہوئے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ یہ فضائی حملے حماس کی جانب سے اس کے اہلکاروں پر فائرنگ کے جواب میں کیے گئے۔
غزہ کے حکومتی میڈیا دفتر کے مطابق جنگ بندی کے عرصے میں بھی اسرائیل نے 393 حملے کیے، جن میں 280 فلسطینی شہید اور 672 زخمی ہوئے۔غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 69,513 افراد شہید اور 170,745 زخمی ہو چکے ہیں۔





































