
پشاور:پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر کیے گئے خودکش حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا
دیا، جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران 3 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔میڈیا ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب 3 دہشت گردوں نے اچانک ایف سی ہیڈکوارٹر پر یلغار کر دی۔ ابتدائی مرحلے میں ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کی گونج دور دور تک سنائی دی اور پورا علاقہ لرز اٹھا۔
دھماکے کے فوراً بعد باقی دو دہشت گردوں نے افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی مستعدی اور بروقت فائرنگ نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ دو طرفہ جھڑپ کے دوران دونوں حملہ آور ہلاک کر دیے گئے۔واقعے میں 3 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے اور فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
حملے کے فوراً بعد پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سی سی پی او پشاور میاں سعید موقع پر پہنچے اور آپریشن کی خود نگرانی کی۔ ان کے مطابق صدر، کوہاٹ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا جبکہ شہریوں کی حفاظت کے پیشِ نظر بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے تصدیق کی کہ تینوں دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
ط





































