
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کے پاکستانی ریاستی اداروں سے متعلق بیان کو اشتعال انگیز، من گھڑت
اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، خصوصاً مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 کے تنازع نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو دنیا کے سامنے واضح کردیا، اس حقیقت کو کوئی بھی پروپیگنڈا مہم تبدیل نہیں کرسکتی۔
ترجمان نے بھارت کی قیادت پر الزام لگایا کہ وہ مسلسل پاکستان کے اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جو ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد خطے میں بھارت کے غیر مستحکم اقدامات اور پاکستان کے خلاف اس کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی افواج پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے بھارت کو ہندوتوا نظریے کے اثرات کا جائزہ لینا چاہیے، جس نے ماورائے عدالت قتل، ہجوم کے ہاتھوں قتل و غارت، بلاجواز گرفتاریوں اور عبادت گاہوں کی مسماری جیسے واقعات کو جنم دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی ریاست اور قیادت مذہب کے نام پر ابھرتی ہوئی انتہا پسندی کی یرغمال بن چکی ہے۔ دوسری جانب پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور پرعزم ہے۔





































