
سیلالکوٹ : چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی اور ملک کے استحکام کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاک فوج ان تمام عناصر کے خلاف ہر وقت مکمل طور پر تیار اور مستعد ہے جو ملک میں فرقہ وارانہ انتشار یا عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حالیہ دنوں میں گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشنز کی آپریشنل تیاری، جنگی صلاحیتوں اور ان میں مزید بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائزز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولیات کا بھی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، جنگی مہارت اور مجموعی تیاری کو سراہتے ہوئے بھرپور تعریف کی۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور بدلتے ہوئے جنگی ماحول میں استعداد بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رفتار، درستگی، حالات سے بروقت آگاہی اور فوری فیصلہ سازی آج کے پیچیدہ اور متحرک آپریشنل ماحول میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ لگن اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی تربیت سخت گیر اور مشن پر مبنی ہے تاکہ اندرونی و بیرونی ہر قسم کے چیلنجز، بشمول انتہا پسند نظریات، کا مؤثر اور بھرپور مقابلہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مزید واضح کیا کہ پاک فوج ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانے والے تفرقہ انگیز عناصر کے خلاف پوری طرح چوکس ہے اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہنے کے عزم پر کاربند ہے۔
یہ دورہ نہ صرف پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاری اور جدید تربیتی نظام کا مظہر ہے بلکہ اس عزم کا بھی واضح اظہار ہے کہ مسلح افواج ملک کی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ مستعد اور متحرک ہیں۔





































