
اسلام آباد:حکومت نے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرتے ہوئے ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی
نمایاں کمی کر دی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 12 روپے 32 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 180 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10 روپے 51 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 153 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب جاری حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی منظوری دی تھی جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ حالیہ کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 265 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 263 روپے 45 پیسے پر برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے آئندہ 15 روز کے لیے ہوگا، عوامی حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کو مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔




































