
پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فورسز اہلکاروں کے
ورثاء کے لیے مالی امداد میں نمایاں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی سے مئی 2025 کے بھارتی حملے میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے فورسز شہداء کے ورثاء نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر قدم پر شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے کابینہ سے منظور شدہ 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم میں مزید 50 لاکھ روپے اضافے کا اعلان کیا، جس کے بعد شہداء کے ورثاء کو دی جانے والی مجموعی امداد ایک کروڑ روپے ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ ازیں جنگ میں زخمی ہونے والے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور فورسز کی لازوال قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ حق کی راہ میں شہادت پانے والے کبھی نہیں مرتے اور شہادت مسلمان کے لیے سب سے اعلیٰ اور باوقار مقام ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور صوبائی حکومت ان کے ورثاء کی کفالت اور دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔





































