
نیویارک ( ویب ڈیسک ،فوٹو :اسکرین شارٹ )نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر منعقدہ
تقریب میں انہوں نے قرآنِ شریف پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا، جو شہر کی تاریخ میں ایک منفرد اور یادگار لمحہ تھا۔
سٹی ہال کے نیچے واقع ایک تاریخی سابق سب وے اسٹیشن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے ظہران ممدانی سے میئر کے عہدے کا حلف لیا۔ اس طرح وہ نیویارک کے 111ویں میئر کے ساتھ شہر کے پہلے مسلمان میئر بھی بن گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک کے عوام کی خدمت کا موقع ملنا ان کے لیے زندگی بھر کا ایک بڑا اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی نے حالیہ میئر الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 50.78 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِ مقابل سابق گورنر اینڈریو کومو 41.6 فیصد ووٹ لے سکے،ظہران ممدانی کی یہ کامیابی نہ صرف سیاسی اعتبار سے اہم ہے بلکہ تنوع اور نمائندگی کے حوالے سے بھی نیویارک کی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہو رہی ہے۔





































