
سیالکوٹ (تعلیم ڈیسک):ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نارووال سید باقر ہمدانی نے کہا ہے کہ طلبا اپنے مکمل کوائف 25 نومبر تک شعبہ داخلہ کو
بذریعہ ڈاک بھجوائیں، بصورت دیگر داخلہ نہ ہونے کی تمام تر زمہ داری طلبا پر عائد ہوگی ۔
گزشتہ روز ریجنل ڈائریکٹر نارووال کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وہ طلبا جنہوں نے ایسوسی ایٹ ڈگری بی اے اور بی ایڈ کی داخلہ فیس جمع کروائی ہے اور ابھی تک مکمل داخلہ فارم بمعہ تعلیمی کوائف یونیورسٹی کو ارسال نہیں کیے ، ایسے تمام خواہش مند طلبا اپنے مکمل داخلہ فارم 25 نومبر تک علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ داخلہ کو بذریعہ ڈاک بھجوائیں۔ بصورت دیگر داخلہ نہ ہونے کی تمام تر زمہ داری طلبا پر عائد ہوگی ۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جن طلبا نے آن لائن داخلہ بھیجا ہے وہ بھی فوری طور پر اپنا پورٹل چیک کریں اور کسی اعتراض کی صورت میں اسے فوری دور کریں ، انہوں نے مزید کہا کہ داخلہ کےحوالے سے مرزا محمد یاسین بیگ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو طلبا کی رہنمائی کے لیے مصروف عمل ہیں، طالب علم کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مشکل کی صورت میں علاقائی دفتر ، رنسیوال پھاٹک نارووال رابطہ کرسکتے ہیں۔





































