
افروزعنایت
شہلا کو اس دفتر میں کام کرتے ہوئے چار ماہ ہوچکے تھے، ان چار مہینوں میں اس کی سب سے زیادہ دوستی امبر کےساتھ ہو گئی تھی جس
کی وجہ امبرکا بہترین اخلاق تھا ۔ وہ اپنے کام میں نہ صرف ماہر تھی بلکہ نئے آنے والوں کی بہترین طریقے سے رہنمائی بھی کرتی تھی ، تمام اسٹاف اسی لئے اس کی عزت کرتا تھا۔
آج شہلا کی گاڑی اسے لینےنہیں آئی تو اس نے سوچا کہ وہ ٹیکسی سے ہی گھر چلی جائے گی۔
امبر کوپتا چلا کہ وہ اس کے گھر کے قریب رہتی ہے تواس نے کہا کہ میں تمہیں چھوڑ دوں گی ،اب اکثر جب بھی ضرورت پڑتی امبر اسےگھر تک چھوڑ دیتی ۔ دونوں ایک دوسرے کو اپنے گھر آنے کی دعوت دیتی ریتی تھیں لیکن مصروفیت کی وجہ سے جا نہیں پاتی تھیں ۔
آج چھٹی کا دن تھا شہلا مما کے ساتھ کچھ اپنی منگنی کی خریداری کے لئےنکلی اتفاقاً بازار امبر کے گھر کے پاس ہی تھا۔ مما آپ کی اجازت ہو تو اس گلی کے کونے والا بڑا گھر امبر کا ہےمیں اسے بھی اپنی منگنی کی دعوت دوں ،بہت اچھی خاتون ہیں۔
دروازے پر بیل دی تو امبر کی ملازمہ نےہی دروازہ کھولا ۔امبر کی اجازت سے ملازمہ اسے لے کرگھرکےاندر لےآئی۔صحن میں کوڑے دان الٹا پڑا ہوا تھا ۔ سارا کچرا صحن میں پھیلا ہوا تھا ۔ وہ لاونچ سے ہوتی ہوئی اسےڈرائینگ روم میں لے کرآئی لاؤنچ میں جگہ جگہ چیزیں بکھری ہوئی تھی۔ میز پرسالن کے دھبے دور سے ہی نظر آرہے تھے۔ اسے یقین ہی نہیں آرہا تھا کہ یہ امبر کا گھر ہے۔
ڈرائینگ روم کافی بڑا اور کشادہ اور قیمتی اشیاء سےبھرا ہوا تھا لیکن سلیقے سے محروم تھا ۔ اسے بڑا تعجب ہوا کہ گھر میں دو دو ملازماؤں کی موجودگی کےباوجود پورا گھر سلیقہ مندی سے کوسوں دور تھا،جبکہ امبر نہ صرف اعلیٰ تعلیم یافتہ بلکہ انتہائی ماہر افسر جانی جاتی ہیں۔ امبر حسب معمول بڑے اخلاق سے اس کے اور اس کی والدہ کے ساتھ ملی ۔ تھوڑی دیر میں امبر کا چھوٹا بیٹا روتا ہوا ڈرائینگ روم میں آیا جس کے کپڑے مٹی میں آٹے ہوئے تھے ،عرض کافی دیر شہلا اس کے گھر میں موجود رہی اس گھر کی بہت سی خامیاں اس کے سامنے آتی گئیں۔
گھر آکر بھی مما سےاس سلسلےمیں ڈسکس کرتی رہی کہ اتنی اچھی اعلی تعلیم یافتہ خاتون کے گھر کی حالت نوکرانیوں نے کیا کر رکھی ہے۔ شہلا کی مما کا شماران خواتین میں ہوتا ہے جو اولاد کی تربیت کا خاص خیال رکھتی ہیں،لہٰذا یہ موقع بھی انہوں نے ضائع نہیں کیا۔
مما۔۔۔۔ بیشک بیٹا گھر میں دو دو نوکرانیاں تھیں لیکن اگرامبر ان کی صحیح طریقے سے رہنمائی کرتی اورخود بھی صفائی ستھرائی کی طرف دھیان دیتی ۔ بیشک وہ خود کام نہ کرے لیکن ملازمین کو تو سلیقے سے کام کرنے کی تلقین کرتی، اگر ایسا ہوتا تو یہ 400 سوگزکی اراضی پر تعمیر کیا گیا گھر اس طرح نظر نہ آتا ۔ بیشک عورت کتنے اونچے مقام پر پہنچ جائے، اس کی پہلی ترجیح اس کا گھر گرہستی اوراس کے بچے ہونے چاہئیں ۔آج اکثر خواتین جاب کر رہتی ہیں لیکن وہ گھرکو نظر انداز نہیں کرتیں ۔ان کے گھر میں نوکر چاکرہی کام کرتے ہیں لیکن ان نوکروں کی رہنمائی کرنا بھی عورت کام ہے۔
ان کی مدد سےہی عورت گھر کو سنوارتی ہے، اگر دفتر میں عورت اپنی مہارت کی دھاک بٹھائے اور گھر اس کی مہارت سے محروم رہےتو یہ اس کی کامیابی نہیں۔ آج چاروں طرف خواتین ملازمت کرتی نظر ارہی ہیں لیکن انکی پہلی ترجیح انکا گھر اور بچے ہیں۔ اب ہماری پڑوسن زینب کو دیکھ لو دونوں میاں بیوی کی مختصر آمدنی ہے لیکن ملازمت سے واپسی پر خود گھر کے تمام کام کرتی ہے ، اس کا سگھڑ پن اور سلیقہ اور اس کے گھر سے ملی تربیت اس کے گھر کو دیکھ کر بخوبی نظر آتے ہیں جبکہ امبر کا گھر دیکھ کر کہیں بھی اس کی تربیت ،سلیقہ اور سگھڑ پن نظر نہیں آتا۔ عورت کی اصل کامیابی اس کا گھر اور بچےدیکھ کرہوتا ہے جو بےحد ضروری ہے اس چیز کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔




































