
افروز عنایت
عام طور پر لوگوں کا یہ تاثر ہےکہ صلہ رحمی صرف رشتہ داروں کا خیال رکھنا ،ان سے محبت سےپیش آنا یا ان کی مالی مدد وغیرہ کرنا ہے،لیکن ایک
اہم چیز کو ہم فراموش کردیتے ہیں جو ان کےلئے اکثر تکلیف کاباعث بنتی ہے،جی ہاں وہ ہے ان کی غیبت کرنا۔ان پرالزام تراشی کرنا،ان سے متعلق جھوٹ بولنا ان سےتحقیر آمیز برتاو کرنا ان کےپیٹھ پیچھےغیبت کرنا ،ان سے زور سے یا چیخ کر بات کرنا یا ان کوبرا بھلا کہنا اور ان کے ساتھ اچھا برتاؤ یا احسان کرکےجتلاناوغیرہ اور ان پر جھوٹا الزام لگانا ، یہی وہ اہم برائیاں ہیں جن کی وجہ سےاپنوں اورغیروں میں دوریاں اورنفرتیں جنم لیتی ہیں۔
اسی لئے اللہ رب العزت نے اور اس کے پیارے حبیب مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےان تمام براہیوں سےبچنے کی تاکید فرمائی ہے ۔ابو داؤد کی حدیث مبارکہ ہے کہ جو شخص کسی مسلمان پر تہمت کرے عیب لگانے کو تو اللہ تعالٰی اس کو جہنم کے پل پر روک رکھے گا۔جب تک اس کی سزاپوری نہ ہوگی۔ اسی طرح احسان کرکےجتلانے والوں کے لئے اللہ فرماتا ہے کہ :اے ایمان والوں تم احسان جتلا کراور ایزا پہنچاکر اپنے صدقات کو مت ضائع کرو۔ مذکورہ بالا برائیاں وہ برائیاں ہیں جو اپنے ہوں یا غیرسب کے لئے تکلیف کا باعث ہوتی ہیں اور اللہ کی ناراضی کاسبب ہیں۔ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےفرمایا کہ میرے نزدیک تم میں سےسب سےقابل نفرت اور قیامت کے دن مجھ سب سے دور وہ لوگ ہوں گے جو بات کرنے میں بناوٹ سےکام لیتے ہیں منہ پھاڑ پھاڑ کرباتیں کرتے ہیں اورتکبر کرتے ہیں۔
اللہ رب العزت نے بھی قرآن پاک میں ایسی تمام برائیوں سے بچنے کی تاکید فرمائی ہے۔جب عام لوگوں کے ساتھ برتاؤ میں ان براہیوں سے پرہیز کرنے کا حکم ہوا ہے تو پھر رشتہ داری میں تولازمی طور پران خامیوں اوربرائیوں سے دور رہنا کس قدر اہم ہے ۔معذرت کے ساتھ ہم میں سے اکثر صوم صلواۃ کے پابند ہونے اور رشتے داروں کی مالی مدد کرنے کے باوجود ان مذکورہ بالا برائیوں سے بچنےکا خیال نہیں رکھتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنی نیکیاں بھی ضائع کردیتے ہیں ۔لہٰذا ان مذکورہ بالا برائیوں سے بچنا ضروری ہے۔
اللہ رب العزت ہمیں ہر برائی اور بدی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین




































