
افروز عنایت
الحمدللہ گھرمیں کافی حد تک اسلامی ماحول تھا ،اس لئے چھوٹی عمرمیں ہی بابا نے ہم بہن بھائیوں کے لئے قرآن پڑھانے کےلئے مولانا صاحب کا انتظام کیاجو بہت بڑے
عالم تھےجو مختصر آسان الفاظ میں تفسیر بھی بیان فرماتےلیکن چھوٹی عمر کی وجہ سے ہم زیادہ مستفید تو نہ ہوسکے لیکن بنیادی باتیں ذہن کے دریچوں پر نقش ہوگئں الحمدللہ ۔۔ ساتھ میں اماں کی تربیت تھی کہ جس کی وجہ سے ہم بھائی بہن صوم صلاۃ کے پابند ہوگئے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جب قرآن پاک کوسمجھ کر پڑھنے کا موقع ملا تو جیسے آنکھوں کے سامنے دھند ہٹتی گئی کہ یہ تو ایک نایاب خزانہ ہے، ایسا خزانہ جس پرعمل پیرا ہونےسےدنیا اور آخرت دونوں سنور جائیں ، سبحان اللہ
قران ایک اعجاز ہےجس میں اللہ رب العزت ہم سےکلام فرمارہا ہےاورپھرہم جب اس کی تلاوت کرتےہیں تو اس کے ہر لفظ پردس نیکیوں کااجر،یعنی الم پڑھنے پرتیس نیکیاں۔ سبحان اللہ ، جس کے پڑھنے پراتنا اجر تو اس کےاحکام پرعمل کرنے کا کیا اجر ثواب ہوگا ؟
یہ تو امت مسلمہ کے لئے وہ خزانہ ہے جس میں ہماری ہر مشکل ہرمسئلے ہرسوال کا جواب ہے،یعنی حقوق اللہ بلکہ حقوق العباد کی پاسداری کا مکمل نصاب ہےجو اس کو تھام لےوہ اللہ رب العزت کی رضا حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
جی ہاں زندگی گزارنے کا مکمل نصاب، جس معاملے میں رہنمائی کی ضرورت ہوآپ کلام الہی سےحاصل کر سکتےہیں۔ اللہ رب العزت نے کھول کھول کرتمام احکام ہم تک پہنچائے ہیں پھراحادیث کے ذریعے ان کی تفصیلی تفاسیرمیں موجود ہے۔
میں یہاں اپنے استاد محترم کا ذکرضرور کروں گی ۔ انہوں نے ہمیں بتایا تھا کہ جوانی میں انہوں نے بڑی آزادانہ زندگی گزاری تھی، دوستوں کے ساتھ زندگی کے مزے اٹھانے میں مد ہوش رہے۔ پھر اللہ رب العزت کی طرف سے موقع نصیب ہوا کہ قرآن کی تعلیمات کی طرف راغب ہوئےجس نے ان کی کایا پلٹ دی۔ جیسےنئی زندگی مل گئی پھرانہیں اپنی گزاری پچھلی زندگی پر افسوس ہورہا تھا کہ کس طرح ماہ سال غارت کردیئے،بیشک قرآن پاک امت مسلمہ کےلئےخزانہ ہے، ایسا خزانہ جس کا کوئی مول نہیں۔
اللہ رب العزت ہم سب کو بھی اس کلام الہٰی پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے تکہ ہماری دنیا و اخرت سنور جائے جو ہر مومن کی دلی تمنا ہے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین




































