
افروز عنایت
میرے دین اسلام کی ہربات افضل اورمعتبرہے،ہر کام میں میرے رب کی طرف سے اپنے محبوب کی امت کو
برکات اور بہترین تعلیمات سے نوازا گیا ہے ۔ سبحان اللہ
جس طرح کہ ماہ رمضان المبارک جو تربیت نفس کے ساتھ ساتھ بخشش و رحمتوں کا مہینہ ہے،پھر اس کے بعد اللہ رب العزت کی طرف سے امت مسلمہ کےلئے ایک تحفہ اور انعام ،عید الفطر،کا دن ہے جوخوشیاں منانےاور دوسروں میں خوشیاں بانٹنے کا دن ہے،یعنی یہان بھی امت مسلمہ کو تعلیمات کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لئے بھلائی کی راہ دکھائی ہے۔
چاند رات کو ہی اللہ رب العزت کا شکرانہ اداکرناہے۔دوسری اقوام کی طرح اس خوشی کا آغازلہو ولعب سرگرمیوں میں نہیں بلکہ بارگاہ الہیٰ میں سربسجود شکرانہ ادا کرنا ہےکہ ہمارے اللہ تونےہمیں یہ توفیق عطا فرمائی کہ ہم اس ماہ مبارک کو تیری رضا کے مطابق گزارسکے،کیوں کہ رمضان المبارک میں بھوکا پیاسا رہنا مقصد نہیں بلکہ اللہ کی اطاعت مقصد ہے۔
لہذا اب اگلا مرحلہ اس خوشی کوبھی اللہ کی اطاعت اور رضا کےحصول کےلیےگزارنا افضل ہے۔اس عید کے دن کو دوسرے مذاہب واقوام کی طرح ناچ گانے ،لہو ولعب اورخرافات میں گزارنا رمضان المبارک کی ریاضت اور تزکیہ نفس کو ضائع کرنے کے مترادف ہے ،اس لئےان خرافات سے اپنے کو بچانا ضروری ہے،تہجد اور نماز فجر سے فارغ ہو کر نہا دھوکر صاف ستھرا لباس زیب تن کرکے خوشبو لگانا،مسواک کرناسنت کےمطابق کجھور یا کوئی میٹھی چیزکھا کر مسجد میں نمازعید کا ادا کرنا اس مبارک دن کی خوبصورتی ہے ۔ نمازعید سے پہلے فطرہ ادا کرنا، بھی ضروری ہے،اللہ رب العزت نے ہرموقع پرحقوق العباد کی پاسداری کاحکم دیا ہے،رمضان میں زکوٰۃ کی ادائیگی اورنماز عید سے پہلے فطرہ تاکہ عید کےدن کوئی غریب بھوکا نہ رہے۔
دوسری اقوام کے تہواروں اور رسومات میں من مانے اور فضول طریقے رائج ہیں مگر اسلامی عید کو اللہ کے رسول کے حکم کے مطابق منانا افضل ہے یعنی ہر قدم ہمیں احساس دلاتا ہے کہ ہم اللہ کے بندے ہیں اور اس کی مرضی کے خلاف کوئی کام کرنے کا ہم اختیار نہیں رکھتے۔ سبحان اللہ یہی بات ہمارے ایمان کی نشانی ہے، پھر اپنے پرائے سب کو خوشیوں میں شامل کرنا اس تہوار کی اصل خوبصورتی ہے۔ سبحان اللہ




































