
افروز عنایت
فی زمانہ ،ہم بہت سی اخلاقی برائیوں میں ملوث ہوتےجارہے ہیں اور بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہم ان برائیوں کو برائی بھی تصور نہیں کر
رہے ہیں، انہی اخلاقی برائیوں میں ایک لفظ، میں بھی ہے جو اپنے آپ کو دوسروں سے منفرد کرنے کی کوشش ہے۔
اگر دیکھا جائے تو یہ تکبر کی علامت بھی ہے ،یہ میں میں کی رٹ ,اسے یقیناًاپنوں سے دور بھی لے جاسکتی ہے ، بیشک ہر فرد کے اندر رب العزت نے بہت سی صفات اور خوبیاں رکھی ہیں اور وقت بضرورت ان صلاحیتوں سے کام بھی لیتا رہتا ہے ،لیکن ایک اچھے انسان کی خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنی کامیابی کو اپنے ساتھیوں سے بھی منسلک کرتا ہے اور اکثر جگہ "میں" نہیں بلکہ "ہم" زیادہ۔پر اثر لگتا ہے ،مثلا ہم نے اماں کو بچپن سے دیکھا کہ گھر میں دعوت بھی رکھتی تھی ساری ذمہ داری بڑی نفاست اور سلیقہ مندی سےانجام دیتیں لیکن جب لوگ تعریف کرتے تو کہتیں،ہاں ہم سب لوگوں کی کوشش تھی ،کبھی اماں کے منہ سے ہم نے یہ نہیں سنا کہ یہ سب میں نے کیا ۔
اپنے بچوں کی تربیت کی تعریف سنتی تو کہتی کہ الحمدللہ ہم سب کا اس میں ہاتھ ہے۔ کوئی عمدہ چیز کی خریداری کی جاتی تب بھی کہتیں ہاں بچیوں نے مل کر پسند کی ہے ۔ مہمان کھانے کی تعریف کرتے تو اماں نے وہ ڈش چاہے خود کیوں نہ بنائی ہو لیکن اماں اپنی بہوؤں کی طرف دیکھ کر کہتی کہ ان بچیوں نے بنائی ہے اماں کےاس طرز عمل سے اماں کا پورا کنبہ ایک ڈوری میں خوبصورت تسبیح کےدانوں کی طرح جڑا ہوا تھا ۔
میری زندگی کےتقریبا بائیس سال درس وتدرس میں گزرے ہماری پرنسپل صاحبہ اسکول کی ہر کامیابی کےلیے کہتی کہ یہ سب اسکول کی محنتی اساتذہ کی محنت کا صلہ ہے۔ اس جملے سے نہ صرف ہم سب کو بڑی تقویت ملتی بلکہ اگلی مرتبہ جنہوں نے کوشش نہیں بھی کی تھی وہ بھی کرنے پر مجبور ہوجاتےاور یقینا ،میں ، اکیلا اتنی اہمیت نہیں رکھتا جتنی اہمیت ہم کا لفظ رکھتا ہے ۔سامنے والے پر بھی خوبصورت تاثر دیتا ہے ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جب کوئی میچ جیت کر اپنی دھرتی پر قدم رکھتی ہے ،ہر کھلاڑی اس بات کا اقرار کرتا ہے کہ اس جیت میں ہم سب کا حصہ شامل ہے تو جیت کا مزا دوبالا ہوجاتا ہے ۔
یہاں میں خصوصاً گھر داری کے معاملے کے لئے ضرور کہوں گی کہ ساس ہو یا بہو ،دیورانی ہو جیٹھانی ،اگر بار بار کہے کہ میں نے یوں کیا ،یہ میں نے پسند کیا تھا سراسر غلط ہے ۔ میری ایک دوست نے بتایا کہ گھر میں مشترکہ خاندانی نظام ہے لیکن گھر کے سر پرست کی حیثیت ساس اور سسر کو حاصل ہے لیکن اکثر اس کی دیورانی ہر موقع پر یہ تاثر دیتی ہے کہ یہ میں کر رہی ہوں یا میرا ہے،مثلا کام والی کو بھی یہ کہتی ہے کہ میں تمہیں اتنی تنخواہ دیتی ہوں کام تو صحیح کرو ۔ میری بات سنا کرو اگر وہ اس بات کو اس طرح کہے کہ ہم، مہارا اتنا خیال رکھتے ہیں تنخواہ بھی ہم تمہیں دوسروں کی نسبت زیادہ دیتے ہیں کام تو بہتر ہونا چاہیے۔ اس ہم کہنے سے کام والی بھی متاثر ہوتی کہ یہ سب آپس میں متحد ہیں ۔ اتفاق سے زندگی گزارتے ہیں تو وہ کام بھی بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
اس ساری بحث کا مطلب یہ ہے کہ ہم * یا *ہمارا یکجہتی اور اتفاق اور انکساری کی علامت ہےجبکہ*میں* اور میرا تکبر اور اپنے اپ کو دوسروں سے الگ اور منفرد کرنے کےمترادف ہے ۔ اس لئے ایک چھت تلے رہنے والے *ہم * اور *ہمارا*کا لفظ استعمال کریں تو آپس میں محبت بھی پیدا ہوتی ہے۔
میں اپنے گھر کی چھوٹی سی مثال پیش کروں گی کہ ہمارا دوسرے نمبر والا بیٹا فرحت جو بیرون ملک رہتا ہے،اس مرتبہ آیا تو اس نے دونوں بھائیوں اور باپ کی پسند سے نئی گاڑی لی اور مجھ سےکہا کہ امی ہم یہ گاڑی لے رہے ہیں ، ہماری یہ گاڑی آپ کو پسند آئی ،ماشاءاللہ
اس طرز عمل سے گھر کے چھوٹے بچوں کے منہ سے بھی یہ سنتی ہوں کہ دادو ہماری گاڑی ،ہمارا گھر ،وغیرہ۔ اس طرز عمل کی وجہ سے تینوں بھائیوں کے ذہن میں یہ رہتا ہے کہ ہم ایک دوسرے سے الگ نہیں ہیں، ہم سب ایک ہیں ۔ الحمدللہ




































