
افروز عنایت
دین اسلام میں علم کی قدر ومنزلت واضح ہےکہ علم حاصل کرنا اور دینا انبیاء کرام کا شیوہ ہے ۔
علم حاصل کرو چاہے تمہیں چین ہی جانا پڑے
جس نے تمہیں ایک لفظ بھی سکھایا وہ تمہارےروحانی باپ کا درجہ رکھتا ہے ۔
ان مذکورہ بالا اقوال سے علم کی اہمیت واضح ہے ظاہر ہے اس لحاظ سےعلم حاصل کرنے والی درس گاہوں اور اساتذہ کرام کی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔
جی ہاں درس گاہ تعلیم حاصل کرنے کے مراکز بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ ویسےانسان کی پہلی درس گاہ اس کی ماں کی گود کو کہا گیا ہے اس جملے سے ہی درسگاہ کی اہمیت واضح ہے ۔ اس مان کی گود سے وہ اٹھنے، بیٹھنے،کھانے پینے بولنے،وغیرہ کا سلیقہ سیکھتا ہے ۔ پھر علم وتعلیم کی اہمیت کے مطابق وہ درسگاہ کی طرف رخ کرتا ہے یعنی ماں کی گود سے جس آگہی کا بیج رب کی طرف سے اس کے وجود میں بویا گیا تھا ، اب اس کی مزید آبیاری ان درسگاہوں کی طرف سے ہوتی ہے لہذا ان درسگاہوں کے اساتذہ اور وہاں کا ماحول بھی طالب علم کے لئے بہت اہم ہیں کیونکہ یقیناً یہ ساری چیزیں طالب علموں پر اثر انداز ہوتی ہیں جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے _تعمیر معاشرہ میں ان تعلیمی اداروں کی بڑی اہمیت ہے۔
سوال یہ ہے کیا آج کی درسگاہیں یا تعلیمی ادارےاس معیار پرپورے اترتےہیں ان کا وہ تقدس قائم ہے جو ہونا چاہیے۔ ؟؟؟؟؟
دیکھا جائے تو اج معاشرے میں بڑھتی ہوئی برائیوں نے ہر چیز کو متاثر کیا ہواہے جس میں ہماری یہ درسگاہیں یعنی تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں ،ان میں اکثریت میں مغربیت کا رنگ نظر آتا ہے، معذرت کےساتھ اب تو بہت سے اسکولوں کا بھی یہی حال ہے ۔
جی ہاں اج ہمارے معاشرے میں جس طرح مغربی معاشرے کا تسلط بڑھتا جارہا ہے ۔ اس نے ہمارے ان تعلیمی اداروں کو بھی اپنی زد میں لیا ہوا ہے ،جس کی وجہ سے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں لڑکے لڑکیوں کا آپس میں دوستی کرنا ، نازیبا لباس پہننا ،مخلوط کھلے عام موسیقی اور ناچ گانوں کی تقریبات کا انعقاد، جسے جدت اور وقت کا تقاضا کہا جارہا ہےعام ہوگئے ہیں۔ انتہائی شرمناک پہلو یہ ہے کہ اس برائی کو پروان چڑھانے میں کہیں کچھ اساتذہ بھی شامل ہیں ۔
ایک معروف عالم دین کا بیان نظروں سے گزرا کہ ہمارے ملک میں کچھ یونیورسٹیوں کے ماحول کے بارے میں اگر والدین کو حقیقت معلوم ہو جائے تو وہ خصوصاً اپنی بیٹیوں کو ان درس گاہوں کے قریب بھی نہ جانے دیں۔
دیکھا جائے تو چند دہائیاں پہلے ایسی صورتحال نہ تھی جبکہ دن بدن اب اس بے حیائی میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے اگر مستقبل میں یہی صورتحال رہی تو معاشرے میں مزید بےحیائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔اس سلسلے میں نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ محکمہ تعلیمات کو بھی مثبت اقدامات اٹھانے چاہئیں ،بیشک اعلی تعلیم حاصل کرنا وقت کا تقاضا ہے لیکن اس کے لئے تعلیمی اداروں کے تقدس کو قائم رکھنا انتہائی ضروری امر ہے اور یہ تقدس اسلام کا شیوہ اور پہچان ہے ۔




































