
افروز عنایت
احکام الہیٰ اورتعلیمات اسلامی کو سن کر اور پڑھ کر ایک چیز ذہن کے پردوں پر واضح ہوتی جارہی ہے کہ میرے اللہ رب العزت کو اپنے حبیب
مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی امت سے اتنا پیار ہے کہ وہ ہمیں ہر موقع فراہم کر رہا ہے کہ کسی طرح ہماری آخرت سنور جائے ،سبحان اللہ
مثلاً نماز جو ویسےہی قرب الہٰی کا ذریعہ ہےجس میں بندہ اپنےاللہ سے برائے راست مخاطب ہوتا ہے۔ اسی لیے نماز کے بلاوے کے لئے موزن دن میں پانچ بار نماز کے لئے ازان دیتا ہے پوری ازان میں ہم اپنے اللہ کی کبریائی اور توحید کا اقرار کرتے ہیں اورحئی علی الفلاح یعنی آو بھلائی کی طرف ،اذان کے یہ خوبصورت الفاظ بندے کو اللہ رب العزت کا یہ پیغام بھی پہنچاتے ہیں کہ یہ نماز آپ کی بھلائی کا راستہ ہے۔
کیا کسی اور مذہب میں یہ خوبصورتی اور بھلائی نظرآتی ہے بالکل نہیں۔ایسی بھلائی اور خوبصورتی کسی دوسرے مذہب میں نہیں نظرآتی۔تمام فرض نمازوں کا اجر وثواب ہے لیکن ان پانچ فرض نمازوں میں فجر کی نماز جسے لذیز عبادت کا درجہ حاصل ہے ،اس کی اذاں کے الفاظ بہت قیمتی الفاظ ہیں جو اس نماز فجر کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں کہ نماز بہتر ہے نیند سے ۔ نماز نیندسےبہترہے۔
یہ الفاظ صرف فجر کی اذان میں اللہ نے شامل کیے ہیں کیونکہ نیند ہربندے کی کمزوری اور آرام کا ذریعہ ہے اور خصوصاً اس پہر گرم بستر چھوڑ کر وضو کرنا بہت گراں گزرتا ہے۔ اسی لئے بھی فجر کی نماز کو اللہ رب العزت نے فوقیت عطا فرمائی ہے تو یقیناً اس میں بندے کے لئے اللہ نے بہت بڑا ثمر اور اجر بھی رکھا ہوگا ، سب سے عزیز نماز ، نماز فجر ہے ،نماز فجر کی سنتوں کو ہی دنیا و مافیا سے افضل کہا گیا تو نماز فجر کے فرض رکعتوں کا کیا درجہ ہوگا ۔ سبحان اللہ
لہذا فجر میں سنت کی ادائیگی کو بھی پابندی سےانجام دینا بندے کی بھلائی ہے۔کہا جاتا ہےکہ وقت فجر یعنی صبح صادق فرشتوں کا نزول ہوتا ہے جونماز فجر کے بعد ہماری دعائیں مانگنے پر اللہ سےہماری سفارش کرتے ہیں کہ اللہ تو اپنے اس بندے کی مغفرت فرما اور رحم فرما۔سبحان اللہ
بڑا بدنصیب ہوگا وہ شخص جواس نماز کی ادائیگی سے محروم رہےجائے،یقینا نماز فجر کی ادائیگی کےبعد بندے کو ایک دلی سکون ملتا ہے اور برکت بھی حاصل ہوتی ہے،نماز فجر پڑھنے والا باقی چار نمازوں کا بھی انتظار کرتا ہے بلکہ اگر یوں کہوں تو غلط نہیں ہوگا کہ نماز فجر پڑھنے والا باقی نمازیں پڑھنے کا بھی پابند ہو جاتا ہے ، اس لئے اپنی اولاد کو بھی نماز فجر کی ادائیگی کا پابند بنانا لازمی ہے تو وہ یقینا ً باقی نمازیں ادا کرنے کے عادی ہوجائیں گے ۔ ان شاءاللہ
رب العزت ہمیں اور ہماری اولاد کو صوم صلوات کا پابند بنائے ۔آمین




































