
افروزعنایت
الحمدللہ مجھ ناچیز کو زندگی میں اندرون ملک اوربیرون ملک بھی کئی مرتبہ سفر کرنے کا اللہ رب العزت نےموقع فراہم کیا ,یہ سفر صرف
لطف اندوز ہونے کے لئے نہیں بلکہ کچھ سیکھنے کے بھی مواقع فراہم کرتے ہیں اور میرے لئے تو یہ تمام سفر یادگار ہیں خصوصا ً مکہ ومدینہ کا سفر یعنی عمرہ وحج کا سفر جو ہر مسلمان کی دیرینہ خواہش ہوتی ہے ،یہ مجھ پر میرے اللہ رب کا بڑا کرم ہے کہ وہ مجھ گنہگار کو بار بار اس در کی زیارت نصیب فرما رہا ہے لیکن ہر بار پیاس ادھوری رہ جاتی ہے۔
ہر مسلماں کی دلی چاہت یہ ہوتی ہے کہ کسی طرح مجھے حج کی سعادت نصیب ہو جائے _ بڑی چاہت سے بندے اس در پر پہنچتے ہیں،حج تو نام ہی ہے مشقت کا ، جسکے لئے حجاج کرام کو خاص تربیت بھی دی جاتی ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی میں پیش آنے والی ہر مشقت ، اور تکلیف ،پر صبر وتحمل قائم رکھنا اہم بلکہ بہت ضروری ہے بلکہ تمام حجاج کرام کے ساتھ بھی خوش اخلاقی سے پیش آنا ضروری ہے ،اگر کہیں کسی سے آپ کی ذات کو تکلیف بھی پہنچے تو در گزر کا معاملہ کرنا حاجی کے لئے اجر ثواب کا ذریعہ ہوگالیکن افسوس سے یہ بات کہوں گی کہ اس در پر بھی لوگ اپنے نفس کو قابو میں نہیں رکھتے اور ان سے اخلاقی برائیاں سرزد ہوتی رہتی ہیں جن کا انہیں احساس بھی نہیں ہوتا ،ان چند اخلاقی برائیوں کا تذکرہ کرنا یہاں میں ضروری سمجھتی ہوں۔
ویسے توحرم پاک میں مطاف میں رش کے دوران دھکم دھکائی تو ہم ٹی وی اسکرین پر بھی دیکھتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے خصوصا ً خواتین کو تکلیف پہنچتی ہے یہی حال مدینہ میں ریاض جنتہ پر بھی نظر آتا ہے۔ جس کے بارے سب یہ کہتے ہیں کہ پھر زندگی میں ہمیں۔ یہ سعادت دوبارہ نصیب ہو یا نہ ابھی دل کی ساری چاہتیں پوری کر لیں،لیکن یہاں میں چند دوسری اخلاقی برائیوں کا بھی اپ سے ذکر کرنا چاہتی ہوں ، تاکہ جب اپ کو اس در پرپہنچنے کی سعادت نصیب ہو تو اپ ان سے بچنے کی کوشش ضرور کریں۔
اس خاتون کو میں نہیں بلکہ تمام خواتین نوٹ کر رہی تھی کہ کھانے کے وقٹ ڈائیننگ حال میں ضرور کھانے میں نقص نکالتی ،جبکہ ہم سب اس بات کی تائید کرتے تھے کہ اس ٹریول گروپ کی خاص بات یہ ہے کہ ہر قسم کے کھانے میز پر موجود ہوتے تھے ،عید کے دوسرے دن تو اس خاتون کی چیخ و پکار پر سب متوجہ ہوگئے جو چیخ چیخ کر کہہ رہی تھی کہ میز پر رات کے کھانے میں صرف سبزیوں کے سالن کیوں ہیں ؟؟ہماری قربانی کے بکروں کا گوشت کہاں گیا ؟ اس عورت کو دوتین عورتوں نے خاموش کروانے کی کوشش بھی کی لیکن وہ تو آپے سے باہر تھی ،اس قسم کی صورتحال دوتین مرتبہ اس پاس کہیں اور بھی نظر ائی جسے دیکھ کر بڑا افسوس ہوا کہ یہاں بھی اکر ہم نہیں سدھرتے ۔
حج کے مناسک کا آغاز ہوچکا تھا تمام حجاج کرام کی دلی کیفیت بیان سے باہر ہے ۔منی کے خیموں میں ہم سب کی اشکبار آنکھیں زبان پر اللہ کی حمد وثنا ،اپنے رب سے سرگوشیاں تھیں کہ اللہ تو ہم گنہگاروں کی اس حاضری کو اپنے دربار میں مستجاب فرمانا لیکن اس دربار میں ، میں نے آس پاس کچھ آوازیں سنیں۔ انسان ہوں آوازیں کانوں میں پڑیں ،سنا تو پتہ چلا کہ سامنے ایک بائیس تئیس سالہ لڑکی کے حلیہ پر خواتین کا تبصرہ ہورہا تھا جو حاملہ تھی اور دوپٹہ اور عبائے سے آزاد ادھر سے ادھر گھوم رہی تھی ۔ خیموں میں خواتین کی ضروریات کا سامان لانے کے لئے اس وقت چند مردوں کا آنا جانا بھی تھا، اس لحاظ سے اس بچی کا ایسی حالت میں یوں ادھر سے ادھر آنا جانا مجھے بھی برا محسوس ہوا ۔ لہذا میں نے اس بچی کو اپنے پاس بلا کر بٹھایا، حال احوال معلوم کرنے کے بعد پیار سے اس سے کہا ،تمہارا یہ پہلا بچہ لگ رہا ہے ، شرماتے ہوئے کہا ،جی آنٹی۔
میں نے اس سے کہا بیٹا اپنا خیال رکھو نظر بھی لگ جاتی ہے، اللہ تمہیں اور تمہارے آنے والے بچے کو سلامت رکھے ۔بیٹا بڑے دوپٹہ یا عبائے سے اپنا جسم ڈھانپ لو تاکہ کسی کی نظر نہ پڑے ،جی آنٹی شکریہ ، پھر جب وہ اٹھ کر جانے لگی تو میں نے پیار سے ایک اور جملہ بھی اسے کہا ،ویسے تم بہت پیاری ہو آنےجانےوالےمردوں کی نظر تم پرنہیں پڑنی چاہیے۔اس لئے اپنا جسم اچھی طرح ڈھک لو ۔
جاتے ہوئے اس نے میرے ہاتھوں کو پکڑ کر چوما اور شکریہ اداکیا۔
تھوڑی دیر کےبعدمیں نے اس بچی کو عبایامیں دیکھا تو بڑی خوشی ہوئی کہ اسے صرف اکیلے میں پیار سے سمجھانے کی ضرورت تھی ۔
ہم لوگوں پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن اصلاح کی کوشش نہیں کرتے __
اسی طرح ایک اور چیز جو میں نے نوٹ کی اس کا تذکرہ کرنا بھی ضروری سمجھتی ہوں وہ یہ کہ اکثر میں نے ان جگہوں پر دیکھا کہ بسوں میں سوار ہوتے وقت حجاج کرام ایک دوسرے کو دھکے دیکر خود سوار ہونے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے کسی حاجی کے گرنے یا اسے چوٹ لگنے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے اور ہمارے اس پاس ایسا ہوا بھی بلکہ ایک خاتون کو دوسری خاتون کے دھکا دینے سے بہت چوٹ آئی ،دھکا دینے والی خاتون خود تو سوار ہوگئی ، بس بھر چکی تھی لہذا دروازہ بند کردیا گیا ۔گرنے والی خاتون اگلی بس میں منی پہنچ تو گئی لیکن اسے کافی چوٹ لگی تھی ۔اس کی یہ تکلیف دن بدن بڑھتی گئی ،اتفاقاً وہ عزیزہ کے ہوٹل میں ہمارے روم میں ہی مقیم تھی ،میری بہن سائرہ( مرحومہ کے اللہ درجات بلند فرمائے آمین ) روز دن میں دو مرتبہ زیتون کے تیل سے اسکے گھٹنوں اور کمر پر مالش کرتی تھی جس سے اس کی تکلیف میں کچھ کمی آئی ماشاءاللہ
اسی طرح منی یا مزدلفہ کے باتھ رومز میں جانے کے لئے لوگوں کو لڑتے جھگڑے دیکھا ۔ایک مرتبہ تو خواتین کے باتھ روم کے سامنے ایک شخص نے باقاعدہ ایک خاتون کو پیچھے دھکیلا اور خود جلدی سے باتھ میں گھس گیا یعنی اس حاجی نے دہری غلطی کی۔ ان ساری باتوں کے شئیر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہر حاجی حج مبرور کی خواہش رکھتا ہے تو اسے جس دن حج کے لئے اپنے سفر پر روانہ ہونا ہے اسی دن سے اسے اپنے نفس کو قابو کرنے کی کوشش شروع کر دینی چاہیے اور حج کے بعد اس کوشش پر مضبوطی سے قائم بھی رہے ۔یہ حج مبرور کا درجہ عطافرمائےگا اور اللہ رب العزت سے اس کی جب ملاقات ہو تو اسکا دامن ہر برائی اور گناہ سے پاک ہو سبحان اللہ۔ یہ ہی حج مبرور کی شرط ہے جس کے لئے ہم سب کو کوشش کرنی لازمی ہے کیوں کہ حج کرنے سے بندہ اس طرح گناہوں سے پاک ہو جاتاہے گویا ابھی اس نے ماں کی کوکھ سے جنم لیا ہو ۔




































