
افروز عنایت
ثمینہ!_استاد محترم میں بہت پریشان ہوں بہت سے مسائل میں مبتلا ہوں ،جب سے شادی ہوئی ہے۔ ایک دن بھی سکھ کا نہیں گزرا ۔ میں اپنی
امی اور بابا سے بھی یہ سب شئیر نہیں کرسکتی کہ وہ پریشان ہو جائیں گے مجھے لگتا ہے میں مر جاوں گی۔
استاد محترم نے ثمینہ کی تمام بات تحمل سے سننے کے بعد کہا! پہلی بات تو بیٹا یہ کہ مرنا جینا اللہ کے اختیار میں ہے، اگر مر گئی تو سیدھا جنت میں جاؤ گی ۔ دوسری بات یہ کہ آپ کے آس پاس بہت سے لوگ آپ سے زیادہ تکلیف اور پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ آپ کے پاس اللہ کی بہت سی نعمتیں تو ہیں انہیں دیکھو ان کا احساس کرو جو لوگ بالکل خالی ہاتھ ہیں انہیں دیکھ کر تو تمہیں تمہاری تکلیفیں کم محسوس ہون گی۔
ثمینہ نے اپنے استاد محترم کی بات پر غور کیا تو اسے اپنی ذات میں اللہ رب العزت کی بہت سی نعمتیں نظر آئیں، وہ تعلیم یافتہ ،ذہین اور صحت مند تھی ، نا صرف اس نے اللہ کا شکر ادا کیا بلکہ اس نے اللہ رب العزت کی ان نعمتوں کی مدد سے زندگی کا سفر آگے کی طرف بڑھایا تو اسے تھوڑے ہی عرصے میں اپنے اندر نہ صرف اپنی تکلیف کم محسوس ہونے لگی بلکہ اللہ کا شکر ادا کیا کہ واقعی اسے رب کی بہت سی دوسری نعمتیں حاصل ہیں، جن سے بہت سے لوگ محروم ہیں ۔ یہ سوچ اس کی کامیابی کی منزل کی پہلی سیڑھی ثابت ہوئی پھر وہ ایک نئے جذبے سے کامیابی کی طرف بڑھتی گئی۔
آج سے کافی سال پہلے ثمینہ نے اپنی زندگی کے یہ مزکورہ بالا صفحات مجھ سے شئیر کیےتو میں نے بھی اس قیمتی مشورے کو اپنی گرہ میں باندھ لیا بلکہ وقت ضرورت دوسروں تک بھی پہنچایا! بے شک آج ہر دوسرا بندہ پریشانی اور تکلیف سے گزر رہا ہے۔ ہم اسے اس تکلیف سے اگر نکلنے میں مدد نہیں دے سکتے تو کم از کم مفید مشورہ یا کوئی اچھی بات ان کے گوش گزار تو کر سکتے ہیں، بعض اوقات میرے بچے مجھے کہتے ہیں کہ مما چھوڑیں آپ کیوں پریشان ہیں اور کسی کو مشورہ دینے کی کیا ضرورت ہے ، لیکن میں انہیں بھی یہ کہتی ہوں کہ کوئی اچھی بات سن کر اگر سامنے والا فائدہ اٹھا رہا ہے تو یہ بھی ایک نیکی ہے ،مثلا گزشتہ دنوں ایک محفل میں ایک خاتون مسلسل سب سے رو کر تذکرہ کر رہی تھیں کہ اس کی بیٹی کے ساتھ اس کے سسرال والوں نے بہت زیادتی کی ہے۔ اس کے ساتھ ظلم ہورہا ہے ۔ اب تو میں نے بھی سوچ لیا ہے کہ میں اسے واپس سسرال نہیں بھیجوں گی ۔اس کی بات پر بہت سی خواتین اس کی ہاں میں ہاں ملا رہیں تھیں اور اس سے ہمدردی جتا رہی تھیں، آخر مجھ سے نہ رہا گیا،میں نے پوچھا آپ کی بیٹی کے سسرال والے اسے کس طرح تکلیف پہچاتے ہیں ، کہنے لگی اسے کبھی اس کا شوہر میکے چھوڑنے نہیں آتا۔ ساس کہتی ہے کہ اپنے گھر والوں سے کہو وہی لے کر جائیں اور وہی چھوڑ کر جائیں۔ اب تو میں نے بھی بیٹی سے کہا ہے ہماری بھی ضد ہے اس مرتبہ اس کا شوہر ہی اسے لینے آئے ورنہ بیٹھی رہے ،کیا ہماری بیٹی کی کوئی عزت نہیں ہے ؟
میں نے خاتون سے پوچھا کیا اس پرسسرال والےکوئی اور ظلم بھی کرتے ہیں توپہلے تووہ خاموش ہو گئی پھرکہنے لگی اسی بات پر ہی گھر میں اکثر تکرار ہوتی رہتی ہے ۔
تب میں نے ان خاتون کو کہا بہن اول تو یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں، لڑکیوں کو سسرال میں بڑے مسائل سے گزرنا پڑتا ہے، تب ہی جاکر وہ جگہ بنا پاتی ہیں اور آپ کی بیٹی کے ساتھ الحمد للہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ،میری بیٹی کو اکثر اسکے بھائی لینے جاتے ہیں اور اکثر چھوڑنے بھی جاتے ہیں کیونکہ اس کے شوہر اپنی ملازمت کی وجہ اکثر مصروف رہتے ہیں۔
لیکن آپ لوگوں کی اس ضد کی وجہ سے یہ بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ اس کا گھر بھی ٹوٹ سکتا ہے۔ لہذا اسے اس مرتبہ اس کے گھر چھوڑ آئیں اور آپس میں بیٹھ کر صلاح مشورے سے اس معمولی مسئلہ کو حل کریں کیونکہ ہمارے آس پاس تو بہت سے لوگ اس سے زیادہ مسائل میں گھرے ہوئے ہیں ۔
شکر خدا کا اس بات کا خاتون پر اثر ہوا اور وہ بیٹی کو سسرال چھوڑ آئی بلکہ اس معمولی مسئلے کے لئےایک دوسرے سے مشاورت بھی کی گئی۔اس طرح اس بچی کا گھر ٹوٹنے سے بچ گیا، یہ اگرچہ ایک چھوٹی سی نیکی ہوسکتی ہے لیکن سامنے والے کو بڑی مشکل اور تکلیف سے بچا سکتی ہے ۔ آپ کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے لیکن مثبت انداز میں اسے صحیح اور مفید بات پہنچا سکتے ہیں جویقینا اس کے کبھی نہ کبھی ضرور کام آسکتی ہے ۔




































