
افروز عنایت
امی !-- ارے بھئی دو دن رہتے ہیں ذوالحج کے چاند میں تم لوگوں نے تیاری کرلی تم سب کو تو قربانی بھی کرنی ہے ۔
امبر !-- امی تیاری تو مکمل ہوچکی ہےسب کے عید کی شاپنگ اورعید کے کپڑے وغیرہ سب تیار ہیں اور بابا اور بھائی کل بکرے بھی لے آئے
زہیب !-- واہ بکرے ،میں تو اپنے بکروں کو اپنے ہاتھوں سے گھاس بھی کھلاؤں گا ۔
امی !-(-ہنستے ہوئے) یہ تو سب ٹھیک ہے لیکن کچھ اور بھی کرنا ہے ۔زوالحج کا مہینہ بڑا معتبراور فضیلت والا مہینہ ہےخصوصاً اس کے دس شروع کے دن۔ ذوالحج کا چاند نظر آنے سے پہلے ناخن کاٹنے اور بال وغیرہ تراشنے ہوں، وہ ان کاموں سے فارغ ہوجائے ،اب جیسے ہی چاند نظر آئے تو جب تک قربانی نہ ہوجائے ،ناخن کاٹنے یا بال تراشنے سے اپنے آپ کو روکے رکھنا ،یہ افضل ہے ان دس دنوں کی ۔بڑی اہمیت ہے ،جیسا کہ سورہ فجر میں اللہ رب العزت نے دس راتوں کی قسم کھائی ہے اور کسی چیز پر اللہ رب العزت کا قسم کھانا اس چیز کی عزت اورحرمت پردلالت کرتاہے۔ مفسرین کی اکثریت کا قول یہ ہے کہ اس سےمراد ذوالحج کی ابتدائی دس راتیں ہیں۔
ذوالحجہ کا چاند نظر آنے سےقبل حجامت اور ناخن تراشنےکا کام مکمل کرلیں ۔
ام المؤمنين ام سلمہ رضی الله عنہا سےمرفوعاًروایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
"جب عشرہ ذی الحجہ شروع ہوجائے تو جس شخص کے پاس قربانی ہو اور وہ قربانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہو ؛ وہ اپنے بال ہرگز نہ اتارے اور اپنے ناخن ہرگز نہ تراشے۔"
اس کے علاوہ ان دس دنوں میں تلاوت قرآن پاک، استغفار،تہلیل ،تکبیر،تحمید، تکبیرات تشریق کا کثرت سے اہتمام کرنا چاہیے۔ ان دنوں میں صحابہ کرام خاص طور پر اللہ رب العزت کی کبریائی یعنی تکبیرات کا اہتمام فرماتے ،بازاروں میں چاروں طرف اللہ اکبراللہ اکبر لا الہ الا اللہ و اللہ اکبر اللہ اکبر و للہ الحمد کی آوازیں فضا میں گونجتی تھیں ۔ حضرت ابو عبیدہ بن عبداللہ بن مسعود فرماتے ہیں کہ ایک شخص راستے چادر پر سکے رکھے لوگوں میں تقسیم کرتا ہو اور دوسری طرف ایک شخص (مذکورہ بالا ) تکبیرات پڑھتا ہو تو زیادہ اجر تکبیرات پڑھنے والے کو ملے گا ۔ اس کے علاوہ ان دس دنوں میں روزے رکھنا خصوصا ً یوم عرفہ کا روزہ رکھنا افضل نیکی ہے ، ان دس دنوں میں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کا خاص خیال رکھنا بھی ضروری ہے ۔ویسے تو ہر مسلمان پر پورے سال حقوق اللہ اور حقوق العباد کی پاسداری اولین ترجیحات میں شامل ہیں لیکن ان دس دنوں خصوصی طور پر اپنی ذات سے بندگان خدا کے ساتھ نیکی کرنا بہترین نیکی ہوگی ۔ ان معتبر دنوں میں زکواۃ صدقات خیرات اور ہدیہ وغیرہ دینے کے لئے ہاتھ کھلا رکھنا چاہئے
پھر دس ذوالحجہ پر جو توفیق رکھتا ہو اس پر قربانی فرض ہے،ہر عمل تقوی ٰکے بغیر اکارت جاتا ہے۔لہذا قربانی کرنے میں بھی تقوی ٰ کا خاص خیال رکھنا انتہائی ضروری امر ہے۔ قربانی کا گوشت خود بھی کھانا اور دوسروں تک بھی پہنچانا چاہیے ،خصوصا ًغریب غرباء کا حصہ ضرور نکالنا چاہیے حالانکہ پورا گوشت بھی رکھنے کی اجازت ہے لیکن افضل یہ ہے کہ ایک تہائی حصہ ضرورت مندوں تک پہنچایا جائے ۔
اللہ رب العزت امت مسلمہ کو ہر موقع پر نیکیاں اور اجر کمانے کے مواقع فراہم کرتا ہے، اب ان گھڑیوں سے فیضیاب ہونا ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے کہ کتنا اجر حاصل کرسکتے ہیں۔رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں خلوص نیت کے ساتھ ان دس دنوں میں اجر عظیم کمانے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین ثم امین یا رب العالمین
زہیب !-- مما ان شاءاللہ میں بھی عرفہ کے دن روزہ رکھوں گااورتکبیرات تشریق تو مجھے ابھی ابھی یاد بھی ہوگئیں ہیں میں توکل سے ہی پڑھنا شروع کر دوں گا ۔
امی !- ان شاءاللہ اپ نے نیت کر لی یہ بھی اپ کی نیکی ہے۔ اللہ رب العزت ہم سب کو ان تمام اعمال کو کرنے کی توفیق عطا فرمائے گا ۔




































