
افروز عنایت
کراچی کے نوجوان انجنیئر اتقاء کے قتل کی واردات کراچی انتظامیہ کی کارکردگی پر پھر ایک سوال بن گیا ہے ؟کب تک یہ ظلم
ہوتا رہےگا ؟بےگناہوں کےلہو سےکب تک کراچی کی دھرتی سرخ ہوتی رہے گی ۔
کوئی پرسان حال نہیں ،جس ماں کا لال بھری جوانی میں اس سے چھن گیا ،وہ توجیتے جی زندہ درگور ہوگئی ۔یہ کوئی ایک بے گناہ کا قتل نہیں، روز اس شہر قائدمیں دل کو ہلا دینے والا دہشت گردی کا واقعہ سننے کو ملتا ہے۔ اس ساری صورتحال کا قصور وار کون ہے ؟؟؟؟؟
ہم کس کے ہاتھ پر ان جوانوں کا لہوتلاش کریں۔وہ عملدارجو اپنی نفسانی خواہشات کےدائرےسےہی نہیں نکل پارہے ہیں۔ کرسی انہیں عزیز ہے ۔ چاہے اس کرسی تلے کتنے ہی بچے روندے جائیں یا لہو لہان ہوجائیں۔
مجھےیہاں حضرت عمر بن عبدالعزیز کی بات یادآگئی کہ جب انہیں خلافت سونپی گئی تو تخت پر چڑھ کرخطاب کرنے کےلئے کہا گیا، اپ تخت پر چڑھے لیکن پھر فورا اتر آئے اور کہا کہ اس تخت پر کھڑے ہونے سے میری ذات میں تکبر نہ پیدا ہوجائےاور اس کے بعد تاریخ گواہ ہے کہ وہ اپنے دورہ خلافت میں نہ صرف اپنا بلکہ اپنے بچوں کا بھی محاسبہ کرنے رہے کہ میری ذات یا میرے بچوں کی وجہ سے کسی کےساتھ نا انصافی نہ ہو جائے ۔
کہاں ہیں وہ حضرت عمر رضی تعالیٰ عنہ اور عمر ثانی جیسے حکمران جو راتوں کو گشت لگا کرعوام کی سن گن لیتے تھے کہ کوئی بھوکا تو نہیں سویا ،کوئی تکلیف میں تو نہیں جس کی جوابدہی مجھے آخرت میں اللہ رب العزت کے سامنے کرنی پڑے __
اے اللہ ہم اس دیس کی مائیں تجھ سےدعامانگتی ہیں کہ اس نگری میں جواسلام کےنام کی معرفت وجود میں آیا ہے اسے عمر بن خطاب رضی تعالیٰ عنہ جیسا حکمران عطا کر جو خوف خدا کی وجہ سے عوام کی بھلائی کا خواہ ہو ،جو عوام کی تکلیف کا درد اپنے دل میں محسوس کرے، آمین
دیکھا جائے تو کچھ دہائیاں پہلے کراچی واقعی میں پاکستان کادل اور دبئی تھا،گھر سے نکلتے ہوئےمائیں بچوں پر قرآنی آیات پڑھ پڑھ کر دم کرتی تھیں کہ اللہ تمہیں جنوں بھوتوں سے محفوظ رکھے اور تاکید کرتی تھی کہ درختوں وغیرہ سے دور رہنا ،لیکن آج انسان ہی درندے بن گئے ہیں، جن کے خوف سے راتوں کو تو کیا دن دہاڑے گھر سے باہر نکلتے ڈر لگتا ہے ،قصور وار کون ہے "اوپر والے" اگر پابندی اور سختی سے قانون کی پاسداری کریں اور کروائیں تو حالات قابو میں آسکتے ہیں،
خلفائے راشدین کو اگر کسی عملدار کی شکایت ملتی تو اسکو نہ صرف عہدے سے ہٹا دیتے تھےبلکہ باقاعدہ طور پر اسکی تحقیقات کرواتے تھے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو
اللہ رب العزت ہمارے دیس کو امن کی نگری بنادے جہا بھیڑ بکری ایک گھاٹ پانی پی سکیں ۔آمین




































