
افروز عنایت
نگہت !--( منہ میں نوالہ رکھتے ہی) آئے ہے، سالن میں نمک زیادہ ہے،کیا بیمار کرنا ہے، کوئی کام ڈھنگ سے نہیں ہورہا ہے اس لڑکی سے۔
نمرہ کی شادی کو دو مہینے مشکل سے ہوئے تھے لیکن وہ گھر کے سارے کام کر رہی تھی لیکن اس کے ہر کام میں سے کیڑے نکالنا سب کے لئے ضروری تھا ،اس تنقید کی وجہ سے وہ جھنجھلا جاتی ،مگر اب یہ اس کا گھر تھا ،اسے انہی لوگوں میں رہنا تھا، امی نے بھی اسے سمجھایا تمہارے گھر والے جیسا چاہتے ہیں ویسا کرنے کی کوشش کرو ۔
لہذا وہ گھر والوں کو خوش کرنے کے لئے وہی کرتی جو انہیں پسند تھا،یہاں تک کہ اس کا اوڑھنا پہننا سب گھر والوں کی پسند کے مطابق تھا لیکن گھر والوں کی تنقید پہلے دن کی طرح قائم تھی ۔
نمرہ !-- یار تحسین میں تو تھک گئی ہوں میرے گھر والے کسی طرح بھی مجھ سے خوش نہیں ہیں میں کیا کروں ؟ ۔
تحسین !-- میری دوست یہ کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے تنقید کرنے کی گرچہ وہ دل کے برے نہیں ہوتےلہٰذا تم ان کو ان کے حال پر چھوڑ دو ،اپنا جی جلانے سے کچھ نہیں ہوگا ،بس تم ان کی پسند ناپسند کا خیال کر رہی ہو یہ کافی ہے۔
لہذا نمرہ نے اپنی دوست کی بات پر عمل کیا-وہ بڑے تحمل سے گھر والوں کی بات سنتی عمل بھی کرتی لیکن ایک چیز اس نے نوٹ کی کہ اس ساری صورتحال سے اس کی وہ چاہت اور محبت جو وہ لےکر اس گھر میں آئی تھی اب اس میں کمی آگئی تھی۔
جی ہاں سامنے والے کی بار بار اور ہر کام پر تنقید انسان کو بیزار کردیتی ہے۔ کبھی کبھی وہ اس تنقید سے کچھ سیکھ بھی لیتا ہے لیکن اکثر وہ اور پیچھے کی طرف چلا جاتا ہے اور اگر یہ تنقید برائے اصلاح کی جائے تو نہ صرف سامنے والے کا بھی فائدہ بلکہ اپنا بھی فائدہ ہو سکتا ہے -آپ سوچ رہیں ہوں گے اپنا فائدہ کیسے ہوسکتا ہے ۔
اس کا اندازہ میری اس دوست کے واقعہ سے ہوجائے گا جواس نے مجھے بتایا ۔۔۔میں درس وتدرس سے وابستہ ہوئی تو سوائے تعلیم کے میرے پاس کوئی تجربہ نہ تھا لیکن اس وقت مجھے ملازمت کی اشد ضرورت تھی،لہذا میں نے جوائن کر لیا مجھے چونکہ کوئی تجربہ نہ تھا لہذا بہت محتاط ہوکر قدم بڑھارہی تھی کہ کہیں کوتاہی نہ رہ جائے لیکن وہاں کی میڈم میری معمولی قسم کی غلطی پر بھی پورے اسٹاف کے سامنے مجھ پر چیخ پڑتیں ،اکثر میری آنکھوں میں پانی آجاتا ،میں نے سوچا کہ نوکری چھوڑ دوں کہیں اور تلاش کروں پھر میری مجبوری میرے پیروں کی بیڑی بن جاتی اور برداشت کرنے پر مجبور ہوجاتی لیکن میں پہلے سے بھی زیادہ اپنے کام پر توجہ دینے لگی اور ہر قدم اٹھانے سے پہلے انچارج صاحبہ سے ضرور بات کرتی ۔وہ ایک شفیق خاتون تھی وہ ہرمعاملے میں میری رہنمائی کرتی لیکن میڈم مجھ پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی جس سے میں بہت دل برداشتہ ہوچکی تھی ،جبکہ انچارج میرے کام کو اب سرہانے لگی تھی ۔ سالانہ امتحانات میں بچوں کا میرے مضمون میں رزلٹ دیکھ کر میڈم کے رویئے میں معمولی سا فرق آیا تھا ۔انہی دنوں مجھے معلوم ہوا کہ اسکول کی نئی برانچ میرے گھر کے قریب کھلی ہے تو میں نےاسکول مالکن سے وہاں تبادلے کی بات کی ،جس پر وہ راضی ہو گئی لیکن اب میڈم مجھے روکنے کی کوشش کرنے لگیں لیکن اس خاتون کا تنقیدی رویہ میرے فیصلے کو بدل نہ سکا ۔میرے جانے کے بعد انہوں نے ٹیچرز کی سالانہ میٹنگ میں اس بات کا اقرار کیا کہ اس مضمون میں آج تک دو ٹیچرز قابل تعریف آئیں ہیں جن میں میں بھی شامل تھی بلکہ سالانہ میٹنگز وغیرہ میں جب بھی میرا ان سے سامنا ہوتا تو کہتی کہ تمہیں ہم نے سکھایا اور تم مجھے دھوکہ دے گئی اور دوسری برانچ میں چلی گئی۔
میری اس دوست نے آخر میں کہا کہ میں اعتراف کرتی ہوں کہ اس اسکول کی وجہ سے (اپنی انچارج کی وجہ سے ) مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا تھا لیکن اس تنقیدی ماحول میں میرا دم گھٹنے لگا تھا میری معاشی مجبوری نہ ہوتی تو میں اس سے پہلے ہی جاچکی ہوتی ۔
ان دونوں نوعیت کے واقعات بتانے کا مطلب یہی ہے کہ چاہے بڑا ہو یا چھوٹا اپ جہاں ضرورت محسوس کریں اس کی مثبت طریقے سے اصلاح ضرور کریں لیکن اسے منفی انداز میں تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔
میرا دین اسلام بھی مثبت طریقے سے دوسروں کی اصلاح کرنے کا راستہ دکھاتا ہے۔مجھے یہاں ایک چھوٹے بچے کا واقعہ یاد آگیا کہ جب اسنے مسجد میں ایک بزرگ کو وضو غلط کرتے دیکھا تو احترام سے اسے کہا حضرت میں وضو کر رہا ہوں ، آپ دیکھیں اگر میں غلط کروں تو میری اصلاح فرما دیجئے گا، جب ان بزرگ نے بچے کا وضو دیکھا تو بے اختیار کہا برخوردار وضو تو میں غلط کر رہا تھا آپ نے تو بالکل درست کیا ۔
ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےعرب میں پھیلی گمراہی کو اپنےمثبت انداز سےدور کیا کہ دشمن بھی آپ دوست ہونے پر مجبور ہوگئے۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم تو کسی کے خراب اور ناقص ہدیہ پر بھی منہ تک نہ بناتے ایک مرتبہ ایک بندے نے آپ کو کھانے کے لئے ککڑی پیش کی۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنی عادت کے مطابق ساتھیوں کو پیش نہیں کی خود کھائی صحابہ کرام بڑے حیران ہوئے کہ آج تک ایسا نہیں ہوا کہ آپ نے محفل میں بیٹھے لوگوں کو نہ دیا ہو۔ اس بندے کے جانے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ( اس میں بھی ضرور کوئی تعلیم ہو)آج اپ نے ایسا کیوں نہیں کیا ۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ وہ ککڑی کڑوی تھی میں نہیں چاہتا تھا کہ آپ اسے کھا کر منہ بنائیں اور وہ دکھی ہوجائے ۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے صحابہ کرام کے سامنے بھی اس بات کو اس لئے بیان کیا کہ وہ بھی یہی طریقہ اپنائیں کیونکہ یہ مثبت رویہ اور طریقہ تعلقات میں دراڑیں نہیں بلکہ عزت و احترام کا باعث بنتا ہے ۔میں یہاں اپنی مثال ضرور پیش کروں گی کہ میں آج تھوڑا بہت جو کچھ لکھنے کی کوشش کرنے کے قابل ہوئی ہوں وہ اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہوئی ہوں ۔ایسے ساتھی جو مثبت طریقے سے میری تحریر میں اصلاح پیداکرنے کے باعث بھی بنے ہیں بیشک میں ان سب کی مشکور بھی ہوں۔




































