
افروزعنایت
خالہ نعیمہ!-- لیٹی رہو بیٹا،ابھی آپ کےآپریش کوایک ہفتہ بھی نہیں ہوا اور اب کیسی طبیعت ہےتمہاری ؟؟
امبرین !-- خالہ اب کچھ بہتر ہوں ۔
خالہ !—ماشاءاللہ۔۔۔ مکمل صحت یابی میں تھوڑا وقت تولگتا ہے،کچھ دن آرام تو کرنا پڑے گا ۔
امبرین کی امی !-- (غصے سے) یہاں ہم لوگ تو اسےآرام کرنے دیں گےمگراس کے سسرال والےاوراس کا شوہر، ہوں ساری ذمہ داری ہماری ہے ، سارا علاج آپریشن کا خرچہ سب ہم کر رہے ہیں، ایک ٹکا خرچ نہیں کرتا ،بے حس ،کنجوس آدمی ہے ۔
خالہ نے سامنے لیٹی امبرین کی نم آنکھوں اور شرمندگی کو محسوس کیا تو بات کارخ پھیرنے کے لئے امبرین سے اس کے بچوں کے بارے میں پوچھا کہ بچے نظر نہیں آرہے ہیں۔
امبرین کے جواب دینے سے پہلے ہی اس کی ماں چیخ پڑی کہ دماغ کھا گئے تھے میری بہو اس کی خدمت میں اور میں ان دونوں بچوں کی خدمت میں مصروف ہوتے ہیں ،اب تو میں نے بھی فون کرکے داماد سے کہا تین چار گھنٹے انہیں اپنے ساتھ لے کر جاو ،وہ لیکر گیا تو اب میں زرا سکون سے سوئی ہوں۔ہم تو اس شخص سے بیٹی کا رشتہ کرکے پچھتا رہے ہیں،
وہاں بیٹھے سب لوگوں نےامبرین کی طرف دیکھا یوں لگ رہا تھاکہ آپریشن سےزیادہ اسے ماں کا یہ لہجہ کاٹ رہا تھا
۔ ماں کی بات سن کرامبرین کی آنکھوں سے مزید دکھ جھلکنے لگا اس کے اندر کا درد اس کے چہرے سے ظاہر ہورہا تھا اس کی دونوں بھابھیاں بھی وہیں موجود تھی اور ساس کی بات سن رہی تھی ۔
اتفاقاً میں بھی اپنی بہو کے ساتھ اس وقت وہاں موجود تھی ، (امبرین میری بہو کی دوست ہے)امبرین کی والدہ کے اس طرز عمل پر مجھے بڑا دکھ ہوا کہ امبرین جو پہلے ہی آپریشن کی تکلیف سے گزری تھی اور ابھی تک وہ پوری طرح صحت یاب بھی نہیں ہوئی تھی کیا ایسے وقت میں اس کی والدہ کو اس کو اس طرح جلی کٹی سنانی چاہیے تھیں ،وہ بھی دونوں بھابھیوں اور مہمانوں کے سامنے ؟؟۔
مذکورہ بالا صورتحال پر مجھےکبھی لکھنے کا اتفاق نہیں ہوا لیکن امبرین کی افسردہ حالت دیکھ کر میں نے قلم اور قرطاس ہاتھ میں سنبھال لیا ۔
بیٹیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں ،بس ماں باپ ان کے نصیب سے ڈرتے ہیں اور ہمیشہ دعائیں مانگتے ہیں کہ اللہ اس کا نصیب اچھا کرنا ، اس کا رشتہ کرتے وقت کافی چھان بین بھی کرتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ ہر لڑکی کو وہی کچھ ملے جو وہ خود چاپتی ہے یا اس کے والدین چاہتے ہیں ،کہیں نہ کہیں تھوڑی بہت کمی رہ جاتی ہے۔ چالیس پچاس فیصد لڑکیوں کو شادی کے بعد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے مواقع پر سمجھدار والدین ان کی صحیح طرح رہنمائی کرتے ہیں یا لڑکی خود اس پاس سے بہت کچھ سیکھ کر سمجھوتا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
مذکورہ بالا لڑکی کی شادی والدین کی پسند سے آج سے آٹھ نو سال پہلے ہوئی تھی لڑکےکی مالی حیثیت سے سب واقف تھے اور اج تک اس کی مالی حیثیت مستحکم نہیں پارہی ہے جس کی وجہ سے مشکل وقت میں بھائی مدد دیتے آتے ہیں ،دیکھا جائے تو یہ اس کا حق بنتا ہے ،اگر آس پاس بھی کوئی ضرورت مند ہو اس کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے اور پھر احسان کرکے جتانا اپنی نیکی کو گنوانا ہے اور خصوصا ًغیروں کے سامنےاس طرح اسے شرمندہ کرنا سراسر اس لڑکی کے ساتھ زیادتی ہے۔ ایسے مواقع پر سمجھدار مائیں اکیلے میں مثبت طریقے سے بچیوں کا حوصلہ بڑھاتی ہیں۔ نہ کہ ان کے اندرونی حالات کا اس طرح سب کے سامنے رونا روتی ہیں،جس سے وہ لڑکی اذیت سے گزرتی ہے ۔زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، اس وقت ایک بہترین دوست کندھے پر ہاتھ رکھ کر محبت سے سے اسے تسلی دے تو اس کا آدھا غم دھل سکتاہے اور ماں سے بڑھ کر کوئی اور دوست ہوئی نہیں ہوسکتا ۔ اسی مذکورہ بالا صورتحال میں لڑکی کی ماں اکیلے میں داماد کو بھی سمجھا سکتی ہے کہ وہ آمدنی کے اضافے کے لئے کوئی منصوبہ بندی کرے تاکہ دوسروں کی محتاجی سے بچا جا سکے ۔بیٹی کا بھی حوصلہ بڑھانے کے ساتھ اسے بھی کسی کام کی تلقین کرنی چاہیے، اگر لڑکی پڑھی لکھی ہے تو گھر پر بچوں کو ٹیوشن وغیرہ پڑھاکر بھی کچھ شوہر کی مدد کر سکتی ہے۔ میں اپنے اس پاس بیس پچیس فیصد پڑھی لکھی بچیوں کو دیکھتی ہوں جو اس مہنگائی کے دور میں شوہر کا ہاتھ بٹانے کے لئے عزت سے ملازمت کر رہی ہیں ۔
رب العزت تمام بچیوں کےنصیب اچھےکرے اور وہ اپنے گھروں میں آباد رہیں۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین




































