
افروز عنایت
اماں !-- ڈوپٹہ سرپراچھی طرح لیاکروبیٹا گھرمیں دادا ہیں تمہارے بھائی اور چچا ہیں۔
اماں ہمیں ہر وقت نصیحتیں نہیں کرتی تھی لیکن ہفتےمیں ایک ادھ بارایک "ڈوز" ضرور دے دیتی تھی جس میں اٹھنے بیٹھنے، گھرداری کے ساتھ لباس کے بارے میں ضرورہدایت کرتی رہتی تھیں ، مثلا سر پر دوپٹہ ،فل آستین کی قمیض پہننے وغیرہ کی ہدایت کرتی تھی ۔
لیکن شاید آج کی مائیں اس چیز سے لاتعلق ہوگئیں ہیں۔آج انتہائی افسوس ناک صورتحال ہے کہ ہماری اس اسلامی ریاست میں دن بدن عورتوں میں عریانیت بڑھتی جارہی ہے ۔دو دنوں سے فیس بک پر ایک لڑکی کی تصویر آرہی ہے جو برہنہ ٹانگوں کے ساتھ مرد و خواتین کے درمیان بیٹھی فخریہ انداز میں گفتگو کر رہی ہے ۔"ان تلوں میں اب بھی تیل ہے" لہذا کچھ لوگوں نے اس پر اعتراض بھی کیا ہے لیکن چند دہائیاں پہلے ہمارے ملک میں یہ سب کچھ اس طرح عام نہیں تھا ۔جوانی میں پاکستانی فلمیں دیکھنے کا بھی اتفاق ہوا وہاں بھی اس قسم کی بے حیائی نظر نہیں آئی لیکن آج صورتحال بدل چکی ہے، بے حجابی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ مغرب کی طرح آج ہمارے معاشرے میں بھی عورت اپنا وہ مقام کھوچکی ہے جو اسے اسلام نے عطا کیا تھا۔
آج کی عورت کا لباس دن بدن مختصر ہوتا جارہا ہےجس کی بڑی وجہ دین اسلام کی تعلیمات کو پس پشت ڈالنا ہے۔ عورت تو نام ہی ستر پوشی اورحیا کا ہے ،ان ہی خوبصورت زیورات سے اس کا تقدس قائم ہے یہی اس کے وقار اور عزت کی علامات ہیں، ان نگینوں کے بغیر تو وہ صرف شوپیس ہے -جی ہاں دکان میں سجا ہوا ایک ایساپیس جو آنے جانے والوں کی نظروں کی زد میں آتا ہے۔
ظاہر ہےشوپیس پرتو ہرایک کی نظرپڑسکتی ہے،آج کی بد نصیب عورت اپنےلئے یہ بھی اعزازسمجھ رہی ہےکہ لوگ اسے دیکھ رہے ہیں ۔ بیشک کچھ اسے سراہتے ہیں لیکن زیادہ تر نفرت سے منہ پھیر لیتے ہیں۔اس کے برعکس ایک باحجاب اور باحیا عورت کی طرف اٹھنے والی نظریں بھی بے اختیارجھک جاتی ہیں۔ بیشک اس وقت معاشرہ بہت سی برائیوں کی لپیٹ میں آچکا ہے لیکن میرا تجزیہ ہے کہ باکردار اور باحجاب عورت سے آج بھی نفرت نہیں کی جاتی بلکہ اسے عزت سے نوازا جاتا ہے۔ہاں ایک طبقہ یقینا ًہمارے اس پاس ایسا ضرور ہے جو ایسی باوقار باحجاب عوت کو دقیانوسی جاہل وغیرہ جیسے القابات سے نوازتا ہے لیکن ہمیں لوگوں کی نہیں اپنے اللہ رب العزت کی رضا درکارہے۔
اور حیا تو ہے ہی زندگی گزارنے کا وہ فارمولا جو مرد اور عورت دونوں کے ایمان کوتقویت دیتا ہے،ایمان کی پہچان ہے یعنی حیا کی وجہ سے ہی ایمان ہے بلکہ حیا بندہ مومن کے لئے ایسی ڈھال ہے جو اسے گناہوں سے بچائے رکھتی ہے ۔
اللہ رب العزت سب کو ایسی باحجاب مائیں عطا کریے جو اپنی بیٹیوں کو ان مذکورہ بالاگوہر نایاب جیسی خوبیوں سے آراستہ کر سکیں اور ایسے باپ بھائی شوہر اور بیٹےعطا کرے جو گھر کی عورت کے لئےمعاون اور صحیح راہ کی رہنمائی کرنے والے ہوں ، آمین ثم آمین یا رب العالمین
اسلام نے عورت کے گرد چار مضبوط سائبان کھڑے کئے ہیں، باپ،بھائی، شوہر اور بیٹا ۔اگر عورت بے حیائی اور بے حجابی کی مرتکب ہورہی ہے تو اللہ قیامت کے دن ان چاروں ستونوں سے بھی جواب طلب کرے گا جن کی موجودگی میں عورت یہ سب کر رہی ہے ۔
اس لئے اللہ رب العزت ماؤں کے ساتھ ساتھ عورت کےان ستونوں کو بھی تعلیمات اسلامی پرعمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے جو اپنے گھر کی عورتوں کو اس بے حجابی سے روک سکیں ۔آمین ثم آمین یا رب العالمین




































