
افروز عنایت
ماسی زلیخا پہلے ناشتہ کرلو پھر باقی کا کام کرلینا ۔
ماسی زلیخا نے ناشتے میں شیر خورمہ دیکھا تو اس کے منہ میں پانی اگیا لیکن اس نے صرف ایک چمچ کھاکر چائے پی لی۔
باجی یہ میں گھر لے جاؤں گی میرے بیٹے کو بہت پسند ہے شیر خورمہ ۔
باجی کومعلوم تھا کہ وہ خالی پیٹ صبح گھرسےنکلتی ہے، اس وقت بھی وہ بھوکی ہوگی، لہذا رات والی بچی ہوئی روٹی اسے گرم کرکے دی۔
نگہت !-- تم پڑھی لکھی ہو ملازمت کرتی ہو اپنا بوجھ خود اٹھا رہی ہو پھر کیوں شوہراورسسرال والوں کا ظلم برداشت کر رہی ہو ۔
نورین!-- اپنے دونوں بچوں کی وجہ سے۔
باپ بچوں کی طاقت ہوتا ہےمیں وہ ان سے نہیں چھیننا چاہ رہی ہوں اور میری طاقت میرے یہ بچے ہیں۔
بچپن میں کہانیوں میں پڑھتے تھے کہ ماں نے سارا کھانا بچوں کو کھلادیا جب بچوں نے پوچھا آپ نہیں کھارہی ہیں تو ہنس کر کہتی مجھے بھوک لگی تھی، اس لئے پہلے کھالیا کھبی کہتی مجھے ابھی بھوک نہیں، اس لئے نکال کر رکھا ہے کہ بعد میں کھاؤں گی۔
بچپن میں تو ان جملوں میں اتنی گہرائی اور ماں کےجذبات نظر نہ آئےلیکن وقت کے بہتے دھاروں نے بہت سے اگہی کے دریچے کھول کر ماں کی حقیقت عیاں کردی خاص طور خود ماں بننے کے بعد اپنی ماں کے احساسات اورجذبات کی پوری فلم آنکھوں کے سامنے آتی گئی واہ میرے مولاتونے انسان کے لئے اس دھرتی پر کیا انعام رکھا ہے جس کی کوئی حد ہی نہیں۔ ہر رشتے میں کہیں نہ کہیں کوئی غرض نظر آتی ہے۔ سوائے اس ایک رشتے کے ۔اسی لئے تو جنت اس کے قدموں تلے رکھ دی گئی ۔یہ اتنا بڑا درجہ اللہ نے بلا وجہ تو ماں کو عطا نہیں کیا ۔میں اپنے ارد گرد نظر دوڑاتی ہوں تو کوئی ماں چاہے امیر ہو یا غریب کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتی ہو اسے اولاد سے بے غرض محبت کرتے دیکھا ہے۔
جب بھی میں ماں کے موضوع پر کوئی تحریر لکھنا چاہتی ہوں مجھے حضرت موسی علیہ السلام کا یہ واقعہ یاد آجاتا ہے کہ ایک مرتبہ چلتے ہوئے ٹھوکر لگی ،بے اختیار منہ سے یہ الفاظ نکلے کہ اے موسیٰ سنبھل کر، اب تیری ماں اس دنیا میں نہیں رہی جو تجھے دعائیں دیتی تھی ۔
بیشک ماں کی دعائیں انسان کی تقدیر بدل دیتی ہیں۔مجھے بھی ہر قدم پر ملنے والی کامیابی میری ماں کی دعا ہی کی بدولت ملی ہے۔اللہ رب العزت سب کی ماؤں کو سلامت رکھے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین ?




































