
افروز عنایت
نوجوان نسل کسی بھی ملک کی معمار تصور کی جاتی ہے اوران معماروں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام پر بھی عائد ہے
،اس لحاظ سے اساتذہ کرام کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہر دور اور مذہب میں اساتذہ کرام کو معاشرے کی اہم ہستیوں میں شمار کیا جاتا رہا ہے،اسی لیے ان کی عزت و تکریم کو بھی ترجیح دی جاتی ہے۔
اساتذہ کی ذمہ داری اور اہمیت کا اندازہ حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے اس قول سے واضح ہے کہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے استاد کو روحانی باپ کا درجہ عطا فرمایا ہے ،بیشک جو استاد ایمانداری محنت اور خلوص سے اس فریضہ کو انجام دیتے ہیں یقیناً وہ شاگردوں کے ساتھ ماں باپ کی طرح ہی پر خلوص ہوتے ہیں وہ صرف طالب علموں کو تعلیم ہی دینا اپنا فرض نہیں سمجھتے بلکہ انکی تربیت کو بھی اہمیت اورترجیح دیتے ہیں ۔ایسے اساتذہ اپنی بہترین مہارت کے ساتھ بچوں پر اپنا وقت سرف کرتے ہیں اور ان کے ذہن میں آنے والے سوالات کا اس مہارت اور اپنی قابلیت سے جواب دیتے ہیں کہ شاگرد نہ صرف استاد کے جواب سے مطمئن ہوجاتے ہیں بلکہ ایسے اساتذہ کو ہمیشہ یاد بھی رکھتے ہیں اور دل سے ان کی قدر اورعزت بھی کرتے ہیں۔
کہتے ہیں کہ علم لینا اور دینا نبیوں کا شیوہ ہے،اس بات میں طالب علم اور استاد دونوں کی اہمیت کو بھرپور انداز میں واضح کیا گیا ہے۔نوجوان نسل کسی بھی ملک کی معمار تصور کی جاتی ہے ان معماروں کا اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہونا انتہائی ضروری امر ہے اور ان کی اس تعلیم و تربیت کی ذمہ داری والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام پر بھی عائد ہے۔ اس لحاظ سے اساتذہ کرام کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا خصوصا ًموجودہ دور میں والدین اپنی بےجا مصروفیات کی وجہ سے اولاد کو مکمل وقت دینے سے قاصرہیں لہٰذا اساتذہ کرام کی ذمہ داری دوچند بڑھ جاتی ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ اس قدر اہم پیشہ سے منسلک ہونے کے باوجود ہمارے وطن عزیز میں اساتذہ کرام کی تنخواہ اور تکریم بنسبت دوسرے ممالک کے کم ہے ، میرے والد مرحوم آج سے تیس چالیس سال پہلے جرمنی گئے تھے، انہوں نے ہمیں بتایا کہ جرمنی میں دو پیشوں کی بڑی قدر وعزت ہے ۔
ایک پولیس اور دوسرا استاد جنہیں معقول تنخواہ و عزت سے نوازا جاتا ہےایک عوام کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور دوسرا نسلوں کوسنوارتا ہے۔
جی ہاں استاد نسلوں کو سنوارتا ہے جس طرح مضبوط و خوبصورت عمارت کے پیچھے کاریگروں کا ہنر بولتا ہے اسی طرح کسی انسان کی کامیابی کے پیچھے اساتذہ کی قابلیت بھی ظاہر ہوتی ہے۔اسی لئے مذہب اسلام میں استاد اور معلم کو معتبر مقام حاصل ہے۔ آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم کو اس کائنات کے سب سے عظیم ترین معلم انسانیت ہونے کا اعزاز رب العزت نے نوازا ہے جنہوں نے اس کائنات میں احکام ربانی کی تعلیم سے دنیا کو سنوارا ایک بہترین استاد بننے کے لئے آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات اقدس کے اسوہ و طریقہ کار کے نقش قدم پر چلنا اس فریضہ کی کامیابی کی ضمانت ہے اور یقیناً آج ہمارے معاشرے کو ایسے ہی اساتذۂ کی اشد ضرورت بھی ہے جو نئی نسل کی آبیاری کا فریضہ ایمان داری سے انجام دے سکیں جو نا صرف اپنے شاگردوں کو کتابی تعلیم سے نوازیں بلکہ وقت بضرورت ان کی تربیت کا خیال بھی رکھیں ،انہیں اچھے برے کی تمیز بھی سکھائیں ۔ کبھی کبھار اپنے مضمون سے ہٹ کر کوئی نیکی کی بات بھی پہنچائیں اور یقین کریں کہ زیادہ تر شاگرد اپنے اساتذہ کی بات کو اہمیت دیتے ہیں اور عمل بھی کرتے ہیں ۔یعنی اس ہستی کی معاشرے کے سنوارنے میں بڑی اہمیت ہے۔ اس لئے اساتذہ کرام کے لئے بھی انتہائی ضروری امر ہے کہ وہ اپنے فرض کو نہایت ایمانداری سے انجام دیں اور شاگردوں کے ساتھ خلوص و محبت کا رشتہ رکھیں جیسا خلوص وہ اپنی اولاد کے لیے رکھتے ہیں۔یقینا ایسےاساتذۂ کرام ہماری نسلوں کو صحیح سمت لے جاسکتے ہیں ۔
فد




































