
افروزعنایت
طالبہ !-- میڈم نازنین آپ کا پیریڈ ہےہم سب کلاس میں آپ کا انتظارکررہی ہیں۔
میڈم نازنین!-- دیکھ نہیں رہی ہو میں قرآن پڑھ رہی ہوں ۔آپ لوگ جاکر خاموشی سے کلاس میں بیٹھیں، میں تھوڑی دیر میں آرہی ہوں۔
شاہدہ !-- کیا ہوا میڈم نہیں آئیں ،وہ اکثرایسے ہی کرتی ہیں کہ میں قرآن پڑھ رہی ہوں ،تھوڑی دیر میں آرہی ہوں لیکن بعد میں آتی نہیں ۔اس ہفتے میں تو ہماری ایک کلاس بھی نہیں ہوئی ۔
سبین!-- عابد آپ کو آفس نہیں جانا اٹھیے دیر ہوجائے گی۔
عابد !-- یار چھوڑو کون جائے ،ویسے بھی اج عید کا چوتھا دن ہے،حاضری نہ ہونے کے برابر ہوگی بلکہ سب پیر سے ہی آئیں گےمیں جاکر کیا کروں گا۔
نیلم !-- آپ اپنے لئے ڈاکٹر کے پاس جارہے ہیں تو کچھ نزلہ، زکام کی دوائیاں ایکسٹرا لکھوا لیجئے گا۔ میں اماں کی طرف جارہی ہوں ،عبیر کو دو دن سےفلو ہے تو وہ دوائیاں اس کے کام آجائیں گی۔
ڈاکٹر!-- (مریض سے) یہ کچھ ٹیسٹ کروایئےگاپھررپورٹ دو دن کے بعد اکر دکھایے گا جب تک یہ دوائیں میں لکھ کر دے رہا ہوں اورہاں یہ ٹیسٹ اپ صرف فلاں لیبارٹری سےکروائیے گا۔
قصاب!-- پترگوشت کو تھوڑی دیر پانی میں بھگو دے تو وزن بڑھ جائے گا۔
سبزی فروش نےچاروں طرف نظردوڑائی سڑک پربہتے ہوئے گندے پانی میں سےجگ بھر کر سبزیوں پر چھڑکاؤ کردیا۔
مزکورہ بالاکچھ تصویریں آپ کے سامنے پیش کیں،کیا یہ سب غلط نہیں، یہ سب کچھ ہمارے سامنے ہورہا ہے اور ہم بے بس ہیں، بلکہ یہ کہوں کہ آوے کا آوا بگڑا ہوا ہےتو غلط نہ ہوگا ہرجگہ ہر محکمے میں یہی کچھ ہو رہا ہے اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ ایسا سب کچھ کرنے والوں میں اکثریت نماز روزے کےپابند لوگوں کی ہے جو یہ درس دیتے سنائی دیتے ہیں کہ خیانت کرنا گناہ ہے تو کیا مذکورہ بالاحرکات خیانت نہیں،یہ تو سراسرمنافقت ہے کہ ہم کہتے کچھ اورکرتے کچھ ہیں۔
پچھلے دنوں ایک تحریرنظروں سے گزری کہ بیرون ملک (غیرمسلم ملک)رہنے والے کسی مسلمان شخص نے ایک مسلمان عالم دین سے پوچھا کہ کیا میں دوران ڈیوٹی نماز پڑھ سکتا ہوں ؟
عالم نے کہا کہ تجھے اس ادارے کی طرف سے اس کی اجازت ملی ہوئی ہےتوٹھیک ہے ورنہ تو اپنی طرف سے ڈیوٹی کے اوقات میں نماز نہیں پڑھ سکتا کیونکہ یہ خیانت ہوگی۔ اس سے بہتر ہےکہ تو ادارے کی طرف سے دیئے گئے وقفے کے وقت یا بعد میں قضا نماز پڑھ لےلیکن ہم مسلمان ملک میں اورمسلمان ہوتےہوئے بھی ان چیزوں کا خیال نہیں رکھتے،ایک اور چیز جس کی لوگوں کی نظروں میں کوئی اہمیت نہیں ،وہ ہے کسی کی بات کو دوسرے تک الٹ پلٹ کرغلط طریقے سے پہنچانا جس کی وجہ سےاکثر فساد بھی مچتا ہے۔ یہ بھی خیانت ہے
جائیداد کےبٹوارے میں خیانت توعام بات ہوگئی، لوگ کمزور بہن بھائیوں کاحصہ تو بغیرہچکچاہٹ کےضبط کرلیتے ہیں جو کہ ایک بڑی خیانت اورسراسر زیادتی ہے،جبکہ اللہ رب العزت کے یہاں تومیت کے چھوڑے ہوئے ورثے میں سے ایک الائچی کا بھی حساب لیا جائے گا۔
مذکورہ بالا واقعات اور گناہوں کے پیچھے دل میں خوف خدا کا نہ ہونا ہے،اگر ایک بندے کے دل میں ہمیشہ یہ خیال پیوست ہو کہ میرا اللہ تو مجھے دیکھ رہا کہ وہ اس خیانت کی وجہ سے آخرت میں میری پکڑکرے گا، اس وقت خیانت کرنے والا اپنی کس کس خیانت کا سامنا کرے گا لہذا بندگان خدا کو اپنےاس گناہ کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ نہ ہو کہ آخرت میں پچھتانے پڑے۔
رب العزت ہمیں ہر چھوٹے بڑے گناہ سے محفوظ رکھے ،آمین ثم امین یا رب العالمین




































