
افروز عنایت
آج کی عورت کا لباس دن بدن مختصر ہوتا جارہا ہےجس کی بڑی وجہ دین اسلام کی تعلیمات کو پس پشت ڈالنا ہے۔عورت تو نام ہی ستر پوشی اورحیا
کا ہے۔ ان ہی خوبصورت زیورات سے اس کا تقدس قائم ہے۔یہی اس کےوقار اورعزت کی علامات ہیں۔ ان نگینوں کے بغیر تو وہ صرف شوپیس ہے -جی ہاں دکان میں سجا ہوا ایک ایساپیس جو آنےجانے والوں کی نظروں کی زد میں آتا ہے۔
ظاہر ہے شوپیس پر تو ہر ایک کی نظر پڑ سکتی ہے۔ آج کی بد نصیب عورت اپنے لئے یہ بھی اعزازسمجھ رہی ہے کہ لوگ اسے دیکھ رہے ہیں۔ بیشک کچھ اسے سراہتے ہیں اور کچھ نفرت سے منہ پھیر لیتے ہیں۔ اس کے برعکس ایک باحجاب اور باحیا عورت کی طرف اٹھنے والی نظریں بھی بے اختیار جھک جاتی ہیں۔ بیشک اس وقت معاشرہ بہت سی برائیوں کی لپیٹ میں آچکا ہے لیکن میرا تجزیہ ہے کہ باکردار اور باحجاب عورت سے آج بھی نفرت نہیں کی جاتی بلکہ اسے عزت سے نوازا جاتا ہے۔ ہاں ایک طبقہ یقیناً ہمارے آس پاس ایسا ضرور ہے جو ایسی باوقار باحجاب عوت کو دقیانوسی جاہل وغیرہ جیسے القابات سے نوازتا ہے لیکن ہمیں لوگوں کی نہیں اپنے اللہ رب العزت کی رضا درکار ہے ۔ حیا تو ہے ہی زندگی گزارنے کا وہ فارمولا جو مرد اور عورت دونوں کے ایمان کو تقویت دیتا ہے ،ایمان کی پہچان ہے یعنی حیا کی وجہ سے ہی ایمان ہے بلکہ حیا بندہ مومن کے لئے ایسی ڈھال ہے جو اسے گناہوں سے بچائے رکھتی ہے ۔
اللہ رب العزت سب کو ایسی باحجاب مائیں عطا کریے جو اپنی بیٹیوں کوان مذکورہ بالا گوہر نایاب جیسی خوبیوں سے آراستہ کر سکیں اور ایسے باپ بھائی شوہر اور بیٹے عطا کرے جو گھر کی عورت کے لئےمعاون اور صحیح رہنمائی کرنے والے ہوں آمین ثم آمین یا رب العالمین




































