
افروز عنایت
فی زمانہ والدین بیٹیوں کوتعلیم دلوانےمیں کوئی کثرنہیں چھوڑتے بیٹوں کی طرح اپنی بیٹیوں کوبھی اعلیٰ تعلیم دلوارہےہیں لیکن افسوس کی بات
یہ ہے کہ بچیوں کی تربیت میں کوتاہی برت رہےہیں ۔یہ کوتاہی خصوصا ان کی شادی کے بعد ضرور کہیں نہ کہیں اثراندازہوتی ہے۔
میں سب کی بات نہیں کررہی لیکن اپنےاس پاس اکثریت ایسےلوگوں کی دیکھتی ہوں جو بچیوں کی صحیح طرح سے تربیت کرنےسےقاصر ہیں ۔ دیکھا جائے توبیٹیوں کی تربیت کرنےمیں ماؤں کا بڑاحصہ ہوتا ہے، اسی لئے کہا گیا ہےکہ ماں کی گود پہلی درسگاہ ہے اوراس درس گاہ کا صاف ستھراماحول پہلی شرط ہے، یعنی ماں بھی تربیت یافتہ ہو۔
ویسےتو بچوں کی شخصیت میں ماں باپ کی شخصیت کی جھلک نمایاں نظرآتی ہ،خصوصاً بیٹی توماں کا عکس ہوتی ہےاوردیکھاجائے توتربیت کی پہلی سیڑھی ماں کا کرداروعمل ہوتا ہے۔ اس لئےماں کا تربیت یافتہ ہوناپہلی شرط ہے،ایسی مائیں اپنی بیٹیوں کوحیا اورسلیقہ کےساتھ ساتھ آئندہ آنے والے حالات کی مناسبت سے گزر بسر کرنے کے لئے صحیح رہنمائی بھی کرتی ہیں۔ باحیاباسلقہ عورت صرف گھرداری نبھانا ہی نہیں جانتی بلکہ ہرقدم احتیاط سےاٹھاتی ہیں،چاہے باپ کا گھر ہو یا سسرال۔
پچھلے دنوں کچھ جوان ماؤں کی گفتگوسننےکاموقع ملاجونہ صرف انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں بلکہ انتہائی اہم عہدوں پر فائز ہیں۔
نورجہاں!--میں تواپنی بیٹی کی ہرجائزناجائزخواہش ضرورپوری کرتی ہوں ،نہ جانے اسے سسرال کیساملےاوراس کی خواہشات پوری ہوسکیں یا نہیں ،اس لئے میری یہ کوشش ہوتی ہے کہ میں اسے کسی بات پرمنع نہیں کرتی ۔ اگر رات کے ایک بجے بھی برگرکھانے کی فرمائش کرتی ہےتو میں اس کےلئےضرورآرڈرکردیتی ہوں۔
امبرین !-- تم صحیح کہہ رہی ہومیں ہرمہینےنئے نئے ڈیزائن کے کپڑے اپنی بیٹی کےلئےضروربنواتی ہوں کہ کل کو اس کے سسرال والےاسے یہ نہ طعنہ دیں کہ تم شادی سے پہلے کیا عیش کرکےآئی ہو جو یہاں نخرے دکھارہی ہو۔
عقیلہ !-- تم دونوں سچ کہہ رہی ہو نہ جانے بچیوں کو کیسا سسرال ملےمیری بھی یہی کوشش ہوتی ہےاس لئے میں اسے اس کی دوستوں کے ساتھ گھومنےپھرنے اور شاپنگ وغیرہ کرنے سےمنع نہیں کرتی۔
جب مجھےان خواتین کی گفتگو میں نے سنی تو بہت افسوس ہوا۔ کیا مذکورہ بالاطریقے سےپرورش اورتربیت پانے والی لڑکیاں سسرال میں کسی معمولی بھی کمی پیشی کو قبول کرپائیں گی۔
مجھےاپنی والدہ کا طریقہ کاریاد آگیا جومیں نےاپنی بہو اوربیٹی سےشئیرکیا۔
الحمدللہ خوشحال گھرانےسے تعلق رکھنے کے باوجود اماں ہم بہنوں کی دوخواہشات پوری کرتی تو ایک بہانے سے رد بھی کردیتیں ،کھانا بنانے سےلے کرگھر داری کے تمام اصول ذہن نشین کروائےکہ کس طرح شرم حیا کےدائرے میں سسرال میں رہنا ہےاور چھوٹی چھوٹی باتوں اورتلخیوں کودرگزر کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس گھر میں اپنے اصولوں کومسلط کرنے کے بجائے اس گھر کے اصول اپنانا تاکہ تم اس گھر کا حصہ بن سکو۔
امان کی ان ہی نصیحتوں سے ہم بہنوں نے مشکل حالات کا سامنابھی بڑی ہمت اورسمجھداری سےکیا۔ مختصریہ کہ بیٹیوں کو گھر بسانے کےگر سکھانے چاہئیں نہ کہ گھر بگاڑنے کے ۔




































