
افروزعنایت
رب کائنات نےاس زمین پر انسان کو اپنا نائب یعنی خلیفہ بنا کراسے بے شمار خوبیوں اورنعمتوں سےنوازاہے،ویسے توہرنعمت دوسری نعمت
سے افضل واعلی ہےلیکن عقل وسمجھ میں اللہ کی یہ مخلوق سب مخلوقات سے افضل ہے۔اللہ نے اسے بے حساب نعمتوں سےنوازا ہے،جیسا کہ سورہ الرحمن میں ارشاد باری تعالٰی ہےکہ
اورتم اللہ کی کن کن نعمتوں کوجھٹلاو گے۔سبحان اللہ
پھریہی انسان اللہ رب العزت کی اس سب سے اعلی نعمت یعنی دماغ عقل وشعورسے اپنی تمام صلاحیتوں کواورجسم کے تمام اعضاء کو بروئے کارلاکر حیرت انگیز کارنامے انجام دے سکتا ہے،اس لحاظ سے جسم کا ہرعضو اہمیت کا حامل ہے خدانخواستہ اگرجسم کا ایک حصہ بھی معذور ہو یا ناکارہ ہو تو انسان اپنےآپ کو ادھورا سمجھتا ہےجبکہ ایسا نہیں بلکہ اللہ اسے دوسری طرف سے نوازتا ہے،وہ انسان اللہ رب العزت کی عطا کردہ دوسری صلاحیتوں اورنعمتوں کی مدد سےکامیابی کے جھنڈے گاڑھ سکتاہے۔
یہ حقیقت ہے کہ اللہ رب العزت اگراپنے کسی بندے کوکسی ایک نعمت سے محروم رکھتا ہے تو دوسری طرف اسےاپنی عطا کردہ دوسری نعمتوں میں برکت دیتا ہے۔ماشاءاللہ
شرط یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو معاشرہ مکمل تحفظ دے اوراس کا ساتھ دےجیسا کہ اس دنیا میں ہمیں ہزاروں کی تعداد میں بصارت سےمحروم افراد نظرآتےہیں جنہوں نےاللہ کی عطا کردہ دوسری نعمتوں کےذریعے اپنی ذہانت سے کامیابیاں حاصل کی ہیں، میرا دین اسلام بھی ایسےلوگوں کے ساتھ مکمل تعاون کرنےکی تعلیم دیتا ہےاوریہی تعاون نہ صرف ان کا حوصلہ بڑھاتاہےبلکہ کامیابی کی طرف بھی لےجاتا ہے پھراس کی یہ معذوری اس کی راہ کی رکاوٹ بھی نہیں بنتی ہے۔
سورہ عبس میں اللہ رب العزت بظاہراپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سےمخاطب ہےلیکن وہ دراصل ہم سب مسلمانوں کوتعلیم اورہدایت دے رہا ہے۔
ترجمہ !- ترش روہوا اور بے رخی برتی اس بات پر کہ وہ اندھا اس کے پاس آگیا تمہیں کیا خبرشاید وہ سدھر جائے یا نصیحت پردھیان دے "
اس سورہ مبارکہ کی اس آیت میں جس نابینا کا ذکرکیا گیا ہے،وہ حضرت خدیجہ رضی تعالٰی عنہا کے پھوپھی زاد بھائی حضرت ابن ابی مکرم تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم جس وقت کفار مکہ کے بڑے بڑے سرداروں کو دین اسلام کی دعوت دینےمیں مشغول تھےکہ اتنےمیں یہ صحابی حاضر ہوئے۔ انہوں نےآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے کچھ سوالات کرنےچاہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو اس وقت ان کی مداخلت ناگوار گزری۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کےنزدیک کفارکے ان سرداروں کےاسلام قبول کرنے سے مکہ کے باقی لوگوں پر بھی اثر ہوگا۔ اس لئے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےان پر توجہ دی لیکن اللہ رب العزت نےاس نابینا صحابی کواہمیت دی کیونکہ وہ دین کی تعلیم لینے کے لئے دوڑے چلےآئےتھے۔
اس واقعہ سےواضح ہے کہ آنکھوں کی بصارت سےزیادہ دل و دماغ کی بصارت اور شعورکی اہمیت ہےجس کا ثبوت آج ہمارےسامنے ہےکہ بصارت سے محروم ہزاروں حافظ قرآن اس وقت دین اسلام کی تعلیمات و درس تدریس کا فریضہ انجام دے رہےہیں بلکہ اج پوری دنیا میں بصارت سےمحروم افراد نے تمام شعبوں میں نمایاں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے ہیں ۔ ایسے لوگوں کی عزت اوراہمیت عام لوگوں سےبڑھ جاتی ہے کہ انہوں نے اپنی کسی ایک کمزوری کی وجہ سے ہارنہیں مانی بلکہ عام لوگوں کی طرح راہ کی رکاوٹوں کےباوجود اپناسفر جاری رکھا اورکامیاب ہوئے۔اگر کسی کے اس پاس ایسے لوگ ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی کرناہرایک کا فرض ہے نا کہ ترس کھائیں بلکہ ان سےعام لوگوں کی طرح برتاؤ کریں اورانہیں بھی وقت اور اہمیت دیں۔
مجھے یہاں ایک صحابی رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت اویس کا واقعہ یاد آگیا جو اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات مبارکہ میں موجود تھے لیکن ملاقات نہ ہوپائی وہ اپنی نابینا والدہ کی دیکھ بھال کرتے تھے،جب دعوت اسلام سے آشنا ہوئےتو ماں سے اجازت چاہی کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے شرف ملاقات کرسکیں ۔ ماں نے اپنی معذوری کی وجہ انہیں وہاں آدھے دن تک رہنےکی اجازت دی ،جب حضرت اویس وہاں پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم وہاں موجود نہ تھے،مجبوراً ماں کے حکم پر واپس آگئے،جب آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم واپس آئےتوفرمایا کہ یہ گھرمیں کیا نورہے ،کہا گیا کہ اویس شتربان آئےتھےاورجلد چلےگئے، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ یہ نورہمارے گھرہدیہ دے کر چلا گیا ۔
جب یہ مذکورہ بالا واقعہ میری نظروں سےگزرا تو میں ناقص علم سوچنے لگی حضرت اویس کے لئےآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زبان مبارک سےادا کئے گئےیہ الفاظ شاید اس لئےتھے کہ ایک طرف وہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے شرف ملاقات کے خواہش مند تھے اور دوسری طرف ماں سے کیا ہوا وعدہ اور وہ بھی بصارت سے محروم ماں سے کیا گیا وعدہ جن کی دیکھ بھال اورخدمت کرنا حضرت اویس کے ذمہ تھی، اس طرح حضرت اویس کی اہمیت دوچند ہوگئی ۔ یعنی آپ کی شخصیت مزید اہمیت کی حامل ہوگئی ۔ اسی لئے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےان کے جانے کے بعد یہ خصوصی جملہ فرمایا۔
مختصر یہ کہ ایسے لوگوں کو بارباران کی کمزوری کا احساس نہ دلایا جائےکہ وہ احساس کمتری کا شکار ہو کر زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں بلکہ نارمل لوگوں کی طرح ان سے سلوک روا رکھا جائے
بحیثیت ایک استاد میرا تجزیہ ہے کہ
اگر ایک نارمل طالب علم کو استاد باربارکند ذہن کہےتووہ بچہ واقعی میں کند ذہن ہوکررہ جاتاہے جبکہ ہم تعلیم میں دلچسپی نہ لینے والے بچے کی حوصلہ افزائی کے چند جملے بولیں تو وہ یقینا نا صرف پڑھائی میں دلچسپی لینے لگتا ہے بلکہ کامیابی بھی حاصل کرتا ہے _اسی طرح ہم کسی بھی شخص کی جسمانی کمی کو اس متاثرہ شخص پر سوار نہ کریں اور اسکے ساتھ تعاون کریں تو وہ یقینا ایک کامیاب شخص ہوسکتا ہے اج ہمارے سامنے ایسے بے شمار کامیاب لوگوں کی مثالیں موجود ہیں جنہوں نے اپنے اوپر معذوری کا لبیل نہیں لگنے دیا ،اور ماشاءاللہ ایسے افراد اپنے خاندان ،عزیز و اقارب کے لئے بھی باعث فخر ہیں ۔




































