
افروزعنایت
حضرت ابو ہریرہ رضی تعالیٰ عنہ سےروایت ہےکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےفرمایا کہ کیا میں تم کوروزے،نماز اور زکوٰۃ سےافضل درجہ کی بات
نہ بتاؤں ۔ لوگوں نے عرض کیا کیوں نہیں اے اللہ کےرسول(بتائیے) توآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ آپس میں صلح کرادینا (سنو) آپس کی لڑائی اورپھوٹ(دین کو)مونڈنے والی ہے(ابو داؤد)۔
اس حدیث مبارکہ سے واضح ہےکہ باہمی میل جول اورصلح کرانا نماز وغیرہ کے ثواب سے بڑھ کرافضل ہے ۔
دیکھا جائے تو لڑائی جھگڑے، آپس کے اختلافات تمام برائیوں کی جڑہیں جس سے آپس میں دوریاں اورکشیدگی پیدا ہوتی ہے ،پھر یہ لڑائی جھگڑے اور کشیدگی نسل درنسل جاری رہتی ہیں۔ ان اختلافات کی وجہ سے لوگ اس قدر آگے بڑھ جاتے ہیں کہ دینی تعلیمات کو بھی پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ ایسے کئی واقعات ہمارے سامنے ہوتے رہتے ہیں لیکن کوئی صلح کرانے والا نہیں ہوتا جس کی وجہ سے لوگ گھمبیر مسائل اور مشکلات سے دوچار ہوجاتے ہیں۔
مثلاًایک صاحب نے بتایا کہ ہم سب بھائی اپنے والد کے ساتھ خوش وخرم زندگی گزار رہے ہیں ۔ چاروں دیورانیاں بھی ایک دوسرے سے محبت کا برتاؤ کرتی ہیں۔ اب کچھ لوگوں کو ہماری یہ خوشی کھٹک رہی ہے اور ہمارے گھر کی عورتوں کو ایک دوسرے کےخلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
اسی طرح ایک خاتون نے بتایا کہ میری نند اور اس کے شوہر کے لڑائی جھگڑے اتنے بڑھ گئے کہ نوبت طلاق پر پہنچ گئی۔ اس آگ کو مزید بھڑکانے والے بھی اپنے ہی تھے، لہذامیں نے اس کے شوہر کو اکیلے میں سمجھایا کہ وہ بھی ٹھنڈے دماغ سے کام لے اور بیوی کو پیار ومحبت سے احساس دلائے کہ اس کے بغیر وہ ادھورا ہےاور دوسری طرف اپنی نند کو بھی احساس دلایا کہ تم طلاق کے بعد کیا کروگی تمہارا شوہر جو تم سے اور اپنے بیٹے سے بہت محبت کرتا ہے،وہ کسی صورت میں اپنے بیٹےکو تمہارے حوالے نہیں کرے گا۔ آج غیر شادی شدہ جوان خوبصورت لڑکیاں رشتوں کے انتظار میں بوڑھی ہو رہی ہیں۔ تم یتیم لڑکی سے کون شادی کرے گا۔ ساری زندگی پچھتانے سے بہتر ہے اپنا گھر سنبھالو اس طرح میرے سمجھانے سے ان کی آپس میں صلح ہوگئی اور آج وہ ہنسی خوشی اپنےبیٹے کےساتھ زندگی گزار رہے ہیں ۔ دیکھا جائے تو مذکورہ بالا خاتون کی سمجھداری سے اس کی نند کا گھر ٹوٹنے سے بچ گیا۔
اور تین ہستیاں برباد ہونے سے بچ گئیں یقیناً یہی طریقہ کار سامنے والےکوبہت سی پریشانیوں سےمحفوظ رکھ سکتا اسی لئےاس نیکی کو نماز اور روزے سے بھی افضل کہا گیا ہے۔ یعنی اس نیکی پر اللہ آپ کو بھی نوازے گا اس لئے ایسے مواقع پر پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے ،دو گروہوں یا دو لوگوں میں مثبت اور دیانت داری سے صلح کرانے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے۔ یہی ہمارے دین کی تعلیم بھی ہے۔ _




































