
افروز عنایت
ناصر!-- (غصہ سے)کوئی چیز اپنی جگہ پر نہیں ہوتی ،یوں مجھے کیا دیکھ رہی ہو ،مجھے آفس کی دیر ہورہی ہے اور ابھی تک ناشتہ تیار نہیں ہوا۔
بشری ٰ !—آپ کا ناشتہ کب سے تیار ہے،آپ آجائیں بچوں کی اسکول کی وین آنے والی ہے۔ میں انہیں گیٹ پر چھوڑنے جارہی ہوں ۔ دونوں بچے سہمے ہوئے باپ کو دیکھ رہے تھے۔
ناصر صاحب کا یہ روز کا معمول تھا آفس جانے سے پہلےشورمچاتے اورآنےکےبعد بھی یہی حال ہوتا۔ نہ صرف گھر والوں کے ساتھ ان کا رویہ یہی تھا بلکہ اکثر ملنے جلنے والوں کے ساتھ معمولی معمولی بات پر اسی طرح غصے میں بدکلامی کرتے رہتے تھے۔ اس لئے اب تو لوگ ان سے بات کرنے سے بھی کترانے لگے تھے ۔ کسی مجلس میں شامل ہوتے تو لوگ رسمی طورپران سے سلام دعا کرتے ورنہ ان کی کسی بات کا جواب دینے سے بھی کتراتے ۔
ریحانہ!-- منیبہ آپ کی بھتیجی ہے،مجھےبھی بہت پسندہےلیکن آپ کےبھائی صاحب ،ان کی بدزبانی توبہ ،ان کی وجہ سے آگے بھی ہمیں پریشانی ہوسکتی ہے۔ اگر سمدھی بن کر بھی ان کا رویہ اور تلخ زبانی یہ رہی تو ؟؟؟
سہیل !-- بھائی جان دل کے برے نہیں بس ان کی عادت شروع سے ایسی ہے۔
اس طرح ناصر کی اس بد زبانی کی عادت کی وجہ سےمنیبہ جوایک پڑھی لکھی خوبصورت اور بہترین اوصاف کی مالک لڑکی تھی۔رشتہ دار اسے بہو بنانے سے کترا رہے تھے۔ آخر بڑی مشکل سے اس بچی کا رشتہ غیروں میں ہوگیا جس پر خصوصاً ماں نے شکر ادا کیا۔
عموماً دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ معمولی معمولی بات پر زور سےاورچیخ چلا کر سامنے والے سے بولتے ہیں سامنے والا اپنی عزت کی وجہ سے ایسے بد اخلاق اوربد کلامی کو پلٹ کر جواب دینے سے بھی کتراتے ہیں جس پر بدگو خوش ہوتا ہے کہ دیکھا اس کا قصور تھا، اسی لئے دم دبا کر بھاگ گیا جبکہ وہ بیچارہ تو اپنی عزت بچا کر بھاگا تھا۔
اللہ رب العزت بھی ایسے بد زبان اور بد کلامی کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ عائشہ بدترین شخص وہ ہے ،جسے اس کی بد کلامی کی وجہ سے لوگ ملنا چھوڑ دیں(صحیح بخاری (
اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم لوگوں کے ساتھ اچھا بولیں اور اپنی زبان کو بدکلامی سے روکیں۔ اسی میں ہماری اپنی عزت بھی ہے۔




































