
افروز عنایت
ثمینہ!۔ استاد محترم میں بہت پریشان ہوں ،بہت سےمسائل میں مبتلا ہوں ،میں یہ سب کچھ امی اوربابا سے بھی شئیر نہیں کرسکتی کہ وہ پریشان ہو
جائیں گے مجھے لگتا ہے، اگر یہی حالات رہےتومیں مر جاؤں گی۔
استاد محترم نے ثمینہ کی تمام بات تحمل سے سننے کے بعد کہا! پہلی بات تو بیٹا یہ کہ مرنا جینا اللہ کے اختیارمیں ہے۔اگر مر گئی تو سیدھا جنت میں جاؤ گی، دوسری بات یہ کہ آپ کے آس پاس بہت سے لوگ آپ سے زیادہ تکلیف اور پریشانیوں میں مبتلا ہیں، آپ کے پاس اللہ کی بہت سی دوسری نعمتیں تو ہیں۔ انہیں دیکھو ان کا احساس کرو جو لوگ بالکل خالی ہاتھ ہیں انہیں دیکھ کر تو تمہیں تمہاری تکلیفیں کم لگیں گی اوپر والوں پر نظر ڈالنے سے یقیناً تمہیں اپنی محرومیوں کا احساس ہوگا جبکہ نیچے والوں کو دیکھ کر تم اللہ کی عطا کردہ بہت ساری نعمتوں پرشکر ادا کروگی۔
ثمینہ نے اپنے استاد محترم کی بات پر عمل کیا تو اسےتھوڑے ہی عرصے میں اپنےاندرنہ صرف اپنی تکلیف کم محسوس ہونے لگی بلکہ اللہ کا شکر ادا کیا کہ واقعی اسے رب کی بہت سی دوسری نعمتیں حاصل ہیں جن سے بہت سے لوگ محروم ہیں۔یہ سوچ اس کی کامیابی کی منزل کی سیڑھی ثابت ہوئی پھر وہ ایک نئے جذبے سے کامیابی کی طرف بڑھتی گئی۔
آج سے کافی سال پہلے ثمینہ نےاپنی یہ بات مجھ سے شئیر کی تومیں نےبھی اس قیمتی مشورے کواپنی گرہ میں باندھ لیا بلکہ وقت ضرورت دوسروں تک بھی پہنچایا! بیشک آج ہر دوسرا بندہ پریشانی اور تکلیف سے گزر رہا ہے ،ہم اسے اس تکلیف سے اگر نکلنے میں مدد نہیں دے سکتے تو کم از کم مفید مشورہ یا کوئی اچھی بات ان کے گوش گزار تو کر سکتے ہیں بعض اوقات میرے بچے مجھے کہتے ہیں کہ مما چھوڑیں ۔ آپ کیوں پریشان ہیں اور مشورہ دینے کی کیا ضرورت ہے لیکن میں انہیں بھی یہ کہتی ہوں کہ کوئی اچھی بات سن کر اگر سامنے والا فائدہ اٹھا رہا ہے تو یہ بھی ایک نیکی ہے ،مثلا گزشتہ دنوں ایک محفل میں ایک خاتون مسلسل سب سے رو کر تذکرہ کر رہی تھیں کہ اس کی بیٹی کے ساتھ اس کے سسرال والوں نے بہت زیادتی کی ہے۔ اس کے ساتھ ظلم ہورہا ہے ۔ اب تو میں نے بھی کہا ہے کہ میں اسے واپس نہیں بھیجوں گی۔ اس کی بات پر بہت سی خواتین اس کی ہاں میں ہاں ملا رہیں تھیں۔ آخر مجھ سے نہ رہا گیامیں نے پوچھا آپ کی بیٹی کے سسرال والے اسے کس طرح تکلیف پہچاتے ہیں ،کہنے لگی اسے کبھی اس کا شوہر میکے چھوڑنے نہیں آتا ۔ساس کہتی ہے کہ اپنے گھر والوں سے کہو وہی لے کر جائیں اور وہی چھوڑ کر جائیں۔ اب تو میں نے بھی بیٹی سے کہا ہے ہماری بھی ضد ہے اس مرتبہ اس کا شوہر ہی اسے لینے آئے ورنہ بیٹھی رہے۔ کیا ہماری بیٹی کی کوئی عزت نہیں ۔
میں نے خاتون سے پوچھا کیا اس پر سسرال والے کوئی اور ظلم بھی کرتے ہیں تو پہلے تووہ خاموش ہو گئی پھر کہنے لگی اسی بات پر ہی گھر میں اکثر تکرار ہوتی رہتی ہے ۔تب میں نے ان خاتون کو کہا بہن اول تو یہ بڑا مسئلہ نہیں ۔ لڑکیوں کو سسرال میں بڑے مسائل سے گزرنا پڑتا ہے تب ہی جاکر وہ جگہ بنا پاتی ہیں اور آپ کی بیٹی کے ساتھ الحمد للہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں لیکن آپ لوگوں کی ضد کی وجہ سے یہ بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ اس کا گھر بھی ٹوٹ سکتا ہے، لہٰذا اسے اس مرتبہ اس کے گھر چھوڑ آئیں اور آپس میں بیٹھ کر صلاح مشورے سے اس معمولی مسئلہ کو حل کریں کیونکہ ہمارے آس پاس تو بہت سے لوگ اس سے زیادہ مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔شکر خدا کا اس بات کا خاتون پر اثر ہوا اور وہ بیٹی کو سسرال چھوڑ آئی ۔
اس طرح اس بچی کا گھر ٹوٹنے سے بچ گیا۔یہ اگرچہ ایک چھوٹی سی نیکی ہوسکتی ہےلیکن سامنے والے کوبڑی مشکل اور تکلیف سے بچا سکتی ہے۔ آپ کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے لیکن مثبت انداز میں اسے صحیح اور مفید بات پہنچا سکتے ہیں جو یقیناً اس کے کبھی نہ کبھی ضرور کام آسکتی ہے ۔




































