
افروزعنایت
لاس اینجلس جل رہا ہے اور سپر پاور بے بس ہے, جی ہاں امریکہ جس کو یہ گھمنڈ ہے کہ ساری قوت اور طاقت میرے ہی ہاتھ میں ہے .میں جسے چاہوں شطرنج کے مہروں
کی طرح استعمال کرسکتا ہوں۔ تمام ممالک اس کے اشاروں پر ناچتے ہیں لیکن وہ بھول گیا ہےکہ تمام طاقت اور قدرت میرے رب العزت کے ہاتھ میں ہے۔وہی سپر پاور ہے اس کی ایک ہی" کن فیکون " اسے مٹی میں ملا سکتی ہے۔ نیست ونابود کر سکتی ہے جس کا بڑا ثبوت آج لاس اینجلس ہے جو قدرتی آگ میں جھلس رہا ہے ، اس آگ نے ایک ترقی یافتہ شہر کو جلا کر بھسم کردیا ہے ،نہ امریکا کی جدید ٹیکنالوجی اور نہ طاقت کچھ کام آسکی ۔ آج یہ علاقہ نشان عبرت اور بے بسی کی تصویر بنا ہوا ہے۔
سات جنوری کو امریکی صدر نے بڑے گھمنڈ سے اہل غزہ کو برباد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ بد بخت یہ بھول گیا کہ نفع اور نقصان پہنچانے والا صرف میرا رب ہے ۔اس کے اس بیان کے چند گھنٹوں کے بعد کیلیفورنیا آگ کی لپیٹ میں آگیا اور لاس اینجلس آگ میں جھلس رہا ہے۔ یہ اللہ کی بھیجی ہوئی ایسی آگ ہے جس پر امریکا اپنی جدید ٹیکنالوجی کے باوجودقابو پانے میں ناکام ہوچکا ہے اور پورا علاقہ جو کھربوں ، اربوں ڈالرز کی املاک پر ایک پر آسائش علاقہ تھا خاک ہوچکا ہے، اس علاقے کا تکبر اور شان ہالی وڈ کے قیمتی اسٹوڈیوز ،ڈزنی لینڈ اور قیمتی کھیلوں کے میدان اگ کی نذر ہوکر برباد ہو چکے ہیں، یقیناًیہ فلسطین اور غزہ کے بلبلاتے معصوم بچوں کی آہوں اور بد دعاوں کی وجہ سے اس عذاب میں مبتلاہیں ۔ امریکا سرزمین فلسطین حماس اور غزہ کو برباد کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا اور اس سرزمین پر حملوں کے لئے اربوں اور کھربوں ڈالرز کے ہتھیار استعمال کر رہا تھا،اس سرزمین کے باسی اور رکھوالے تو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگئے ہیں۔
دو سال سے ان یہود ونصاریٰ کےشر سے سرزمین فلسطین اور غزہ تکلیف میں مبتلا ہیں ،چھلکتے آنسو اور لہولہان بچے بوڑھے رب کو پکاررہے ہیں ۔یہ ان ہی کی پکارتو ہے کہ آج یہ یہود ونصاریٰ عذاب الہٰی کی جکڑمیں ہیں۔ ابھی تو یہ اس عذاب کی ایک چھوٹی سی جھلک ہے، ان کا بے قصور مسلمان بھائیوں پرظلم وتشدد تو انہیں مزید عذاب میں جکڑ سکتا ہے۔ اب بھی اگر یہ فرعون باز نہ آئے تو مزید تباہی ان کا مقدر بن جائے گی ۔
میرا رب منصف ہے ۔وہی فائدہ اور نقصان دینے کا اختیار رکھتا ہے مگر اس واقعہ سے مسلم ممالک بھی خبر دار ہوجائیں کہ اللہ رب العزت نے گناہوں میں ملوث قوموں کے ساتھ انہیں بھی عذاب سے دوچار کیا جو سب کچھ گناہ اور زیادتی آنکھوں کے سامنے دیکھنے کے باوجود خاموش تماشائی بنے رہے ۔برائی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی ضروری ہے۔لاس اینجلس کی یہ تباہی ہمارے لئے ایک عبرت ناک واقعہ ہے جس سے امت مسلمہ کو بھی سبق سیکھنا چاہیے ۔




































