
افروز عنایت
سترہ دسمبر کو صبح ساڑھے سات بجے جہاز نے بحرین ائرپورٹ پر لینڈ کیا،بیٹا (فرحت ) لاونچ میں ہمارامنتظر تھا ۔بیٹے سے مل کر ہماری تمام تھکن دور ہوچکی تھی کیونکہ
ہم پوری رات کےجاگے ہوئے تھے۔ رات چار بجے بڑا بیٹا اور بہو کراچی ائرپورٹ پرچھوڑ کرگئے تھے۔خیر ہمارا بحرین آنےکا پہلی مرتبہ اتفاق ہوا تھا،اس سے پہلے قطر اور دبئی سعودی عرب وغیرہ کاسفر کئی مرتبہ کرچکے تھے۔
ائرپورٹ سے باہر آئےتوموسم کراچی جیساہی محسوس ہوا،صاف ستھری کشادہ سڑکیں،کھلے میدان اور اگے بڑھےتو بلند وبالا عمارتیں اور ٹاورتھے۔دورعمارات کے آگے پیچھے ساحل سمندرجنہوں نے اس چھوٹے سے شہر(ملک )کو نہ صرف خوبصورتی میں بلکہ جدید ماڈرن روپ میں ڈھال دیا تھا۔ آج چھٹی کادن تھا کیونکہ مڈل ایسٹ میں جمعہ اور ہفتے کے روزچھٹی ہوتی ہے، لہذٰا صبح کوسڑکوں پررش عام دنوں سے کم ہے ، تقریباً بیس منٹ کی ڈرائیو پرفرحت نےگاڑی ایک بلند وبالا تیس منزلہ ٹاورکےپاس روک دی۔ انٹری پاس سےبلڈنگ کےاندر تیسری منزل پر پہنچ کر فرحت نےاپنی گاڑی مخصوص جگہ پر پارک کی اورہم لفٹ کے ذریعےگیارہویں منزل پراپنےاپارٹمنٹ تک پہنچ گئے۔ بہوسنبل اوردوسالہ پوتےمحمد عمر نے ہماراگرم جوشی سےاستقبال کیا،عمر کیونکہ وڈیو کال پر ہم سے بات کرتا رہتا ہے اس لئے اسے ہم سے ملنے میں ہچکچاہٹ زرا کم ہی محسوس ہوئی ۔
دوبیڈ رومز اور کشادہ لاونچ جن سے باہر کا تمام منظربڑی اسکرین سے مشابہت رکھتی شیشے کی دیوار کی وجہ سے ہمارے سامنے تھا،اگرچہ بلند وبالا عمارات اور ٹاور بنے ہوئے ہیں جن میں سامنے ہی تقریباً دوتین رہائشی ہوٹل ہیں لیکن ان کےآگے جگہ جگہ وسیع اورکشادہ میدان ہیں جو گاڑیوں کی پارکنگ کے لئےمختص ہیں۔ ہمارے بیڈ روم سے دونوں جانب عمارات کی آڑ سے ساحل سمندر کے خوبصورت نظارے بخوبی دیکھےجاسکتے ہیں جن کے درمیان واقع جزیروں پر بھی رہائشی عمارات تعمیرکی گئی ہیں غرض کہ مجھے تو بحرین کے تمام خوبصورت مناظر گھر بیٹھ کر دیکھنے کا موقع مل رہا تھا ۔
بحرین نے 1971 میں انگریزوں سےآزادی حاصل کی جو وسائل سےمالا مال لیکن عرب کے پسماندہ علاقوں میں شامل تھا ۔ آج ان قدرتی وسائل کو بروئے کار لاکر یہ چھوٹا سا خطہ ارض ایک خوبصورت اورپرامن ملک کی حیثیت رکھتا ہے،جسے آزادی حاصل ہوئے بھی طویل عرصہ نہیں گزرالیکن اس عرصہ میں عوام اور حکمرانوں کی کاوشوں سےاس چھوٹے سے ملک نے اپنے اپ کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرلیاہے۔
یہاں کثیرتعدادغیر ملکیوں کی ہےجن میں مسلم اورغیر مسلم سب شامل ہیں،لیبرطبقے میں پاکستانیوں کی بھی کثیر تعداد موجود ہےجو پاکستان کےدیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جس کا اندازہ مجھے جہاز میں سوار مسافروں سے بھی ہوگیا تھا۔ بقول ان مسافروں کے یہاں ہمیں معقول معاوضے کے ساتھ سہولیات اورعزت سے بھی نوازا جاتا ہے۔
ہمارے یہاں پہنجنےکےتین دن بعدرب العزت نے ہمیں دوسرے پوتے کی نعمت سے نوازا۔ہسپتال کاصاف ستھرا ماحول اور پرخلوص عملہ اور پاکستانی ڈاکٹر کی کارکردگی بہترین نظر آئی ۔
دیارغیر کی کچھ باتیں مجھے بہت متاثرکرتی ہیں جن کی میرے ملک میں ہمیں کمی یہاں اکر زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ قطر ہودبئی یا بحرین یہاں امن امان دیکھ فوراًدھیان اپنےارض وطن کی طرف چلا جاتا ہےجس کا تزکرہ میں اپنی گزشتہ تحاریرمیں بھی کرچکی ہوں۔
جیساکہ میں نے اوپر بیان کیا ہے کہ ہمارے بیڈ روم کےشیشے سے شہر کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ چاروں طرف پھیلی کشادہ سڑکوں پرتقریباًسارا دن ٹریفک رواں دواں رہتا ہے ۔ ٹریفک سگنل کی سختی سے پابندی قابل تعریف ہے بلکہ مجھے حیرانی تو اس وقت ہوتی ہے جب آدھی رات کو کوئی اکلوتی گاڑی بھی گزرتے ہوئے چوراہے پر سگنل کی سرخ بتی جلتے دیکھتی ہے تو رک جاتی ہے اورگرین بتی کےجلنے کا انتظار کرتی ہے۔ بیٹے سے میں نےتذکرہ کیا تو ہنس کرکہنے لگا ایک تو کیمرے لگے ہوئے ہیں اور دوسرا غلطیوں پر بلا تفریق اچھا خاصاًجرمانہ عائد کیا جاتا ہے،اس لئے ہر ایک قانون کی پابندی لازمی طور پر کرتا ہے۔ واہ کیا بات ہے اور اس قسم کے جرمانے کی ایمانداری سے وصولی اورٹیکس وغیرہ کی ادائیگی سےملک کی معیشت پر بھی مثبت اثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔
یہاں ہرموقع پرنظم وضبط برقراررکھنے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ عوام کا بھی بڑا ہاتھ ہے،جس کا مظاہرہ مجھے چاردسمبر کودیکھنے کا موقع ملا۔
جی ہاں رات کے تقریباً نوبجےسامنے چاروں طرف پھیلی شاہراہوں پرعام دنوں سے زیادہ رش نظر آیا۔ چاروں شاہراہوں پران گاڑیوں کی لائیٹز(بتیاں) دورسے چراغاں کا سماں پیش کررہی تھی ۔میں نے شیشے کے پار زرا قریب سے دیکھا تودھیمے دھیمے رواں دواں بے شمار گاڑیوں کے قافلے نظر آئے جن پر بحرین کے جھنڈے لہرا رہے تھے،ایک آدھ پولیس کی گاڑی بھی اورچند شرتے(پولیس والے)بھی گشت کرتے نظر آئے۔دف اور عربی گیتوں کی آواز گیارہویں منزل پرہلکے ہلکے سنائی دے رہی تھی ۔
میں نے بیٹے کو آواز دی کہ کیا یہاں کوئی چشن وغیرہ ہورہا ہے( کیونکہ پچھلے ہفتے ہی ان کا نیشل ڈےگزرچکا تھا) بیٹے کے ہاتھ میں موبائل تھا اسنے بتایا کہ ابھی تھوڑی دیر پہلے ہی اعلان ہوا ہے کہ بحرین عمان سے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جیت گیا ہے یہ جش اسی سلسلے میں ہے، مجھےاپنا ملک یاد آگیا کہ پاکستانی کتنےجوشیلے ہیں کہ ایسے خوشی کے موقع پرآپے سے باہر ہوجاتے ہیں ،ہوائی فائرنگ ،پٹاخے، شور شرابا توڑپھوڑ قانون کی خلاف ورزی فل اسپیڈ پرفراٹے بھرتی اوور ٹیک کرتی گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کا شورلیکن یہاں توبڑے نظم وضبط سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے کیا ان میں پاکستانیوں جیسا جوش جذبہ نہیں ہے ؟۔
بیٹے نے کہا انہیں اپنے وطن سے محبت ہے اس لئے ہرموقع پر نظم وضبط اورامن و اماں کو ترجیح دیتے ہیں۔واہ بھئی واہ۔ کل کچھ مہمان ہمارے گھرآئےان میں سےایک خاتون نےبتایا کہ ہمارےعلاقے میں باجے بھی بجنےکی آوازآئی لیکن بےقابو مظاہرین نہیں تھے۔
خیر پاکستانی دوستوں سے بھی یہی معلوم ہوا کہ یہاں نہ صرف قانون کی پابندی لازمی شرط ہے بلکہ نظم وضبط کا خیال رکھنا بھی لازمی امر ہے۔ ان ہی دونوں خوبیوں کی وجہ سے یہاں امن و اماں بھی قائم ہےجبکہ بڑے افسوس کے ساتھ یہ کہوں گی کہ ہمارے وطن عزیز میں ان ہی دوچیزوں کی کمی ہے۔ بدی ،برائی ہر جگہ ہے لیکن سرعام ہر چیزممکن نہیں۔
اس ملک میں آے ہمیں صرف 15 دن ہوئے ہیں۔ان چند دنوں میں مجھے یہاں کی ان دونوں خوبیوں نے بہت متاثر کیاجسے بیان کرنا میں نے ضروری سمجھا۔
ان ممالک میں آکر دل سے یہ دعا نکلتی ہے کہ اللہ کرے ہم سب سدھر جائیں۔کیا ہم اور ہمارے حکمران اپنی اصلاح کرنے سےقاصر ہیں۔ ہمارا وطن عزیز ہی بہت سے وسائل سے مالا مال ہے اور ہمیں آزادی حاصل کئے ہوئے 75سال سے زیادہ ہوچکے ہیں لیکن ہم ان چھوٹے ممالک سے بھی بہت پیچھے رہ گئے ہیں ،کیوں اس کا جواب ہم سب جانتے ہیں۔




































