
افروز عنایت
بچپن میں اماں ایک کہانی سناتی تھیں کہ ایک آدمی اپنے بیوی اوربچوں کے ساتھ سفر کررہا تھا ،راستے میں کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوگئیں ۔ بھوک
اور پیاس سے سب نڈھال ہورہے تھے۔آخراس نے ایک جگہ پڑاؤ کیا اور سامنے درخت پر بیٹھے پرندے کو دیکھا۔بیوی سے کہا کہ تم بیٹوں کے ساتھ مل کر لکڑیاں چن کر آگ جلاؤ میں اس پرندے کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہوں۔ دونوں بیٹے جو پندرہ سولہ سال کے تھے بولے ہم تو تھک چکے ہیں ، ہم درخت سے لکڑیاں نہیں توڑ سکتے ۔بیوی نے کہا میں اکیلے آگ کیسے جلاؤں ، سب آپس میں لڑنے لگے ۔ اب اس آدمی نے سامنے جو دیکھا تو پرندہ بھی وہاں سے اڑ کر دور اونچے درخت پر جا بیٹھا تھاجو اس آدمی کی پہنچ سے دور تھا۔
اماں اس کہانی کو یہیں ختم کر کے کہتی کہ یہ اس کنبے کی نا اتفاقی کا نتیجہ تھا کہ ہاتھ آیا رزق بھی چھن گیا۔
آج ہم مسلمانوں کی بھی یہی حالت ہے، دور مت جائیں وطن عزیز کی تاریخ کو ہی ملاحظہ فرمائیں ۔ مقبوضہ کشمیر ہمارا ہوتے ہوئے بھی ہمارا نہیں رہا ۔مشرقی پاکستان ،پاکستان کا ایک بازو ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے کٹ گیا اور ہم سے جدا ہوگیا۔ آج ہم کشمیر ڈے منارہے ہیں اور سقوط ڈھاکہ پر آنسو بہا رہے ہیں لیکن اپنی غلطیوں کا نہ ہی اعتراف کر رہے ، نہ ہی ازالہ اور نہ ہی اپنے آپ کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے حکمران کھٹ پتلی حکمران جنہیں صرف اور صرف اپنا خاندان عزیز ہے ۔اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے نہ ہی انڈیا کے خلاف آواز اٹھا پارہے ہیں اور نہ ہی اقوام متحدہ کے سامنے اپنے جائز مطالبے کے لئے آواز اٹھا پارہے ہیں۔
کہتے ہیں کہ عقلمنداورغیرت مند ٹھوکر کھاکرجب گہرا زخم کھاتے ہیں تو سامنے تنکا دیکھ کبھی سنبھل جاتےہیں،احتیاط کرتے ہیں لیکن افسوس بے حد افسوس ہم نہیں سدھر سکے۔ ہمارے صاحب اقتدار اسی پرانی روش پرقائم ہیں۔
اللہ رب العزت اب ہماری اس سرزمین پاکستان کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے اورہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کے شر سے بھی بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اسی صورت میں ہم ہر جگہ کامیابی حاصل کر سکیں گے۔ ان شاءاللہ




































