
افروز عنایت
اس وقت اہل فلسطین اوراہل غزہ کوجن مشکلات کا سامنا ہے،اس پر ہر شخص افسردہ ہےاوردل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ ڈیڑھ سال کے طویل دورانیے
کی جنگ کا خاتمہ ہوچکا ہے۔اس وقت ان کی سرزمین کھنڈرات کا ڈھیر بنی ہوئی ہے۔ایک طرف اپنوں سے بچھڑنے کا غم اور دوسری طرف ٹھٹھرتی سردی میں یہ بچے کھچے قافلے اپنےتباہ حال گھروں کی طرف لوٹے ہیں لیکن بڑی جوانمردی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ان تباہ شدہ گھروں کے ملبے میں اپنوں کالمس محسوس کر رہے ہیں۔ آنکھیں اشکبار لیکن دل جوان ہیں ۔بیشک مومن ان یہود ونصاری کی دنیاوی طاقت کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ جاتے ہیں۔اس چیز کو پوری دنیا دیکھ چکی ہے۔
افسوس ہم امت مسلمہ ان کا جہاد میں ساتھ دینے سےتو پیچھےرہے لیکن اللہ رب العزت ہمیں یہ توفیق عطا فرمائےکہ ہم ان بے گھر بھائیوں کی مالی مدد کرکے اس جہاد میں اپنا حصہ ڈال سکیں اور اس طرح اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کرسکیں۔ خوشی کی خبر یہ ہے کہ اس وقت کچھ مسلمان ممالک اس سلسلے میں متحرک ہیں وہ بھر پور طریقے سے اہل فلسطین کی آبادکاری کےلئے کوشاں ہیں۔ الحمدللہ
اس وقت پوری امت مسلمہ کو مل کر اہل فلسطین اور اہل غزہ کی آبادکاری کےلئےآگے بڑھنا چاہیے۔اللہ رب العزت ہم مسلمانوں کو یہود ونصاریٰ کی دوستی کے چنگل سے نکال کر آپس میں متحد ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے وطن عزیز کےحکمران طبقے کو بھی اس کار خیر میں بھر پور حصہ لینا چاہیے۔ اس وقت پاکستان کی کچھ تنظیمیں خصوصا جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل کے باوجود اس کار خیر میں سب سے آگے ہے۔ اس وقت کی اہم ضرورت امت مسلمہ کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا بےحد ضروری ہے۔




































