
عصمت منیر
درد کبھی نہ دینا اس خدا کی نعمت کو
زمانہ کہتا ہے" ماں " جس کو
بچو !! ایک ماں آپ سے مخاطب ہے،ہاں یہ وہی عظیم شخصیت ہے جس کی گود انسان کا پہلا مدرسہ ہے ۔
"مادر علمی" کی آغوش میں پلنے والے بچو ! اس وقت کو مت بھولو کہ جب میں نے تمہاری پرورش رات آنکھوں میں کاٹ کر کی ۔ تمہاری ذرا سی تکلیف پر اپنی راحت کو قربان کیا ، میرے اسی پیار کی تصدیق نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی اس حدیث سے ثابت ہے ،
"ماؤں کے قدموں تلے جنت ہے "
سبحان اللّٰہ صد شکراس خدائے بزرگ وبرتر کا کہ جس نےاتنی بڑی سعادت مجھے بخشی۔
آہ ! آج ---- اپنے ہاتھوں میں پکڑے ----ایک پھول اور حوبصورت کارڈ نے میری ممتا ،میری شفقت اور میری پیار بھری آغوش کو پامال کردیا ،
میرے لمحے لمحے کی محبت کو ایک کارڈ اور ایک پھول میں سمو دیا گیاہے، ماں جیسےانمول رشتے کی کیا یہی قیمت ہے ؟؟
نہیں نہیں!! میرے معاشرے میں یہ تصور ہی بھیانک ہے۔
موسی علیہ السلام سے بھی اللّٰہ تعالیٰ نے کہا کہ " اے موسیٰ پیغمبری میں اپنےقدم سوچ سمجھ کر اٹھانا کیونکہ تمہیں دعائیں دینے والی ماں اب اس دنیا میں نہیں رہی ۔
میرے بچو !!مغرب کی دی ہوئی "اندھی تقلید" سال میں ایک دن کی ماں کی محبت نے مسلم معاشرے پر کاری ضرب لگائی ہے جس سے نسل نو محبت وشفقت سے بھر پر ماں کی گود کی گرمی سے محروم ہوگئ ہے جس کے نتیجے میں چاروں طرف بے راہروی ، بے حیائی کے ڈنکے بج رہے ہیں مغربی تقلید کو اپنے دل سے نکال کر اسلامی شعار کے مطابق لمحہ لمحہ ہر دن والدین پر نچھاور کیجئے کیونکہ! والدین کو پیار سے دیکھنا بھی عبادت ہے۔
رب جہاں نے ماں کو یہ عظمت کمال دی
اس کی دعا نے آئی مصیبت بھی ٹال دی



































