
سعدیہ اعظم
ہر سال کی طرح اس سال بھی 10 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تحت انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مرکزی خیال ہے
"آزادی، مساوات اور انصاف"
جبکہ اس کا سلوگن ہے."نہیں ہیں تمام انسان ازاد اور حقوق وعزت کے اعتبارسے برابر ہیں۔"لیکن اپنی آزادی سےلطف اندوز ہوتے ہوئے یہ ضرور یاد رکھنا چاہیے کہ انسانی حقوق کے موجودہ دور کےسب سے بڑے علمبردار جناب نیلسن منڈیلا نے کہا تھا کہ "آزاد ہونے کا مطلب محض اپنی زنجیریں اتارنا نہیں بلکہ اس طرح زندگی گزارنا ہےجس سے دوسروں کی ازادی کا احترام اور اس میں اضافہ ہو۔"
انسانی حقوق کے عالمی منشور کے مطابق ہر انسان کواس کے سماجی، معاشی، ثقافتی، شہری اورسیاسی حقوق ملنے چاہئیں اور یہ حقوق رنگ، نسل، زبان، جنس، مذہب اور سیاست سے بالاتر ہو کر لنے چاہئیں۔
ہمارا دین اسلام انسان کی تعظیم و تکریم اور اس کے حقوق کے بارے میں بہت حساس ہے۔اللہ تعالیٰ نےانسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسےعظیم جوہرعطا فرمائےہیں۔ اس کا مقام ستاروں، سیاروں، چاند اور سورج سے بلند رکھا اس سلسلے میں اقبال فرماتے ہیں:
خاکی ہے مگر اس کے انداز ہیں افلاکی
رومی ہے نہ شامی ہے کاشی نہ سمرقندی
سکھلائی فرشتوں کو آدم کی تڑپ اس نے
آدم کو سکھاتا ہے آداب خداوندی
جس انسان کی اللہ کے پاس اتنی تکریم ہے،اس کے حقوق کا احترام ہمارے لیے کتنا اہم ہوگا لہذا انسانی حقوق کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہر اس حق کی پاسداری جو انسان ہونے کی بنا پر اسلام اسےدیتا ہے اورہر اس حق کی پاسداری جو یہ مہذب دنیا انسانیت کے نام پرانسان کے لیے متعین کرتی ہے۔
ایک پرامن اورترقی پذیرمعاشرہ اس بات کا تقاضہ کرتا ہے کہ ہم انفرادی حقوق کے ساتھ ساتھ اجتماعی حقوق کی بھی پاسداری کریں۔جب ہم والدین، اولاد، مہمان، شوہر، بیوی، ملازمین کے حقوق کی بات کریں تو ہمیں معاشرے میں یتیموں، فقیر و مساکین، مسلم اور غیر مسلم شہریوں، پڑوسیوں کے حقوق بھی یاد رکھنے چاہئیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
"جو لوگ اللہ تعالیٰ اور یوم آخرت پرایمان رکھتے ہیں انہیں چاہیےکہ اپنے مہمانوں کی خاطرداری کریں."
ایک اور حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ
"بہترین صدقہ یہ ہے کہ تو کسی بھوکےکو پیٹ بھرکرکھلائے۔"
پڑوسیوں کے حقوق کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
"قیامت کے دن جن دو آدمیوں کا مقدمہ سب سے پہلے پیش ہوگا وہ دو پڑوسی ہوں گے."
آج ہم دنیا پرایک نگاہ ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ کئی ممالک میں انسانوں کی آزادی سلب ہے۔ انصاف کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، طبقاتی نظام نے مساوات کا تصور مٹا دیا ہے، اسی لیے دنیا میں ظلم کا نظام حاوی ہے۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر مذاہب کے بارے میں، مقدس ہستیوں کے بارے میں نازیبہ کلمات کہے جاتے ہیں۔ کمزوروں اور غریبوں کے ساتھ حیوانی سلوک کیا جاتا ہے، معصوم بچوں کے ساتھ ناروا سلوک عام بات ہو گئی ہے۔
ہر سال والدین بچوں معذوروں کا عالمی دن منا لینا کافی نہیں بلکہ دنیا میں جہاں بھی حقوق کی پامالی ہو رہی ہےہمیں ہر پلیٹ فارم سےاس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ چاہے وہ کشمیر ہو،فلسطین ہو، برما ہو، یا بوسنیا ہو۔ بڑے پیمانے پر مساجد، ہسپتالوں اور کیمپوں میں انسانی جانوں کونشانہ بنایا گیا جس میں بچے، خواتین اور معذور افراد بھی شامل ہیں۔ اس ظلم کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے اور امدادی سامان ان تک پہنچنے سے روکا گیا۔ اس ظلم پہ آواز اٹھانا صرف انسانی حقوق کی تنظیموں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
اُٹھ کے ظلمت ہوئی پیدا افقِ خاور پر
بزم میں شعلہ نوائی سے اجالا کر دیں


































