
ام حسن
عسقلان ارض مقدس کا وہ تاریخی شہر جس کا ذکرآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے ادا ہوامگر اسرائیل (دجالی حکومت) نے اس شہر کا
نام اشکلون رکھا اور 1948 کے نکبہ میں یہاں کے مقامی لوگوں کو اس شہر سے بے دخل کر دیا۔ ان میں ایک خاندان الکحولت نامی تھا۔ یہ بہت پرانے مقامی لوگ تھےمگر ان کو ہجرت کر کے اپنے گھر، کھیت، اور یادیں چھوڑ کر غزہ کے جبالیہ کیمپ میں آ کر رہنا پڑا۔ جہاں مہاجر کیمپ کے خیموں، تنگ گلیوں اور مسلسل مشکلات سے گزرنا پڑا۔ اس خاندان میں ایک بچہ پیدا ہوا جس کا نام حذیفہ الکحولت رکھا گیا۔ کسے معلوم تھا کہ یہ بچہ بعد میں مزاحمتی تحریک کا ایک عظیم رہنما بن کر ابھرے گا۔ جب وہ بولے گا تو دنیا ہمہ تن گوش ہو کر سنے گی۔
یہی وہ بچہ ہے جسے ہم سب ابو عبیدہ کے نام سے جانتے ہیں۔ حذیفہ کا بچپن جبالیہ کے مہاجر خیمہ بستیوں میں گزرا۔ محدود وسائل اور روزمرہ کے چیلنجز نے ان کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالا۔ خاندان کی طرف سے دینی تربیت نے ابتدا ہی میں انہیں قرآن و سنت پر مضبوطی عطا کی۔ قرآن حفظ کرنے میں ان کی فطری ذہانت نے ان کو جلد ہی نمایاں کر دیا۔ جبالیہ کے خیمہ بستی میں جہاں ہر دن بقا کی جنگ تھی۔ حذیفہ نے زندگی کی بقا کے لیے ثابت قدمی اور صبر کی اہمیت کو جانا۔ انہوں نے غزہ سے ہی تعلیم حاصل کی اور 2013 میں جامعہ اسلامیہ غزہ سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
تحقیق کا موضوع تھا ”زمین مقدس، یہودیت، عیسائیت اور اسلام کے درمیان تاریخی تعلق۔“ یہ مضمون بعد میں 650 صفحات کی کتابی شکل میں شائع ہو گیا۔
حذیفہ نے نوجوانی میں ہی مزاحمت کا راستہ اپنایا اور 2002 میں القسام بریگیڈ میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ جہاں عملی میدان میں ان کی فصاحت کی وجہ سے ان کو میڈیا اور اطلاعات کے شعبے کے لیے چن لیا گیا اور انہیں ابو عبیدہ کا لقب دیا گیا۔ جو صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم فاتح القدس ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ کی یادگار تھا۔ یہ نام ان کے مزاحمتی رہنما کی شناخت کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام میں بھی ان کی قدر و منزلت کو بڑھاتا تھا۔ ابو عبیدہ کی زندگی مسلسل اسرائیلی ہدف پر تھی۔ 2002 سے 2025 تک وہ بارہا اسرائیلی فوج کی کوششوں سے محفوظ رہے۔ ان کے گھر، محلے اور مختلف مقامات پر کئی دفعہ حملے ہوتے رہے مگر وہ اللہ کے حفظ و امان میں رہے اور ثابت قدم رہے۔ ان کی تقریریں فلسطینی عوام کے لیے مشعل راہ بنی۔ ان کی شہرت میں اضافہ ان کی 2020 کی وہ تقریر تھی جو انہوں نے اسرائیل کے مغربی کنارے اور غور فاضل کے ضم کرنے کے فیصلے کے بعد کی۔ جب انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں یہ واضح کیا کہ فلسطینی مزاحمت ہر اقدام کا جواب دے گی۔ ان کی تقاریر ایک قوم کے حوصلے کو بڑھانے اور دشمن کے عزائم کو کمزور بنانے کا ذریعہ بنے۔
بلآخر 30 اگست 2025 کو اسرائیلی فوج نے ایک فضائی حملے میں ابو عبیدہ کو شہید کر دیا۔ حملے میں ان کی بیوی، بچے سب شہید ہو گئے۔ سوائے ایک بیٹے ابراہیم کے۔ اسرائیل نے اسی وقت ان کی شہادت کی اطلاع دے دی تھی۔ لیکن مزاحمت نے ابھی تک اس کو راز میں رکھا تھا جس سے ایک امید باقی تھی، لیکن اب وہ امید ختم ہو گئی۔ ابو عبیدہ کی شہادت منظر عام پر آگئی۔ فلسطینی عوام سمیت تمام امت مسلمہ میں ایک رنج و غم کی کیفیت پیدا ہوئی۔ مگر ساتھ ہی یہ مظہر بھی کہ ابو عبیدہ کی جدوجہد اور مزاحمتی روح زندہ ہے۔ ابو عبیدہ کے جانے کے بعد بھی ان کی تقریریں اور بیانات کا اثر باقی ہے۔
ان کی زندگی اور ان کی قربانی فلسطینی عوام کے لیے ایک مثال ہے کہ ایک شخص علم عزم اور ایمان کے ساتھ قوم کی خدمت کر سکتا ہے۔ ان کی جدائی بہت تکلیف دہ ہے۔ اللہ کے کچھ بندے ایسے ہوتے ہیں جن کا بچھڑنا دل چیر دیتا ہے، لیکن اللہ کا دین قائم رہنے کے لیے یہ راستہ حق ہے اور اس راستے پر چلتے ہوئے شہادت کے مرتبے سے سرفراز ہونا ایک مسلمان کے لیے فخر کا باعث ہے۔
ابو عبیدہ کی شہادت سے اسرائیلی جس نقصان کو منظر عام پر لانا چاہتے تھے اور سمجھتے تھے کہ ابو عبیدہ کہ جانے سے مزاحمت کی میڈیا ختم ہو جائے گی، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ ابو عبیدہ نے اپنے جانشین چھوڑے ہیں اور اللہ کا دین اسی طرح چلتا رہے گا۔ اللہ تعالی ابو عبیدہ کے درجات بلند کرے اور ہمیں دین پر استقامت کے ساتھ رہنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔




































