
ام حسن
اللہ کا بہت شکر ہے کہ ایک بار پھر رمضان ہماری زندگیوں میں آیا۔ رمضان کا انتظار ہر مسلمان کو ہوتا ہے یہ رحمت، مغفرت اور بخشش کا موسم
ہے باہر ہے۔ اس مہینے میں اللہ تعالی نے انسانیت کی خیر و بھلائی اور رہنمائی کے لیے قرآن نازل فرمایا ہے۔ یہ انسانیت پر ایک عظیم احسان ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالی فرماتے ہیں۔ ”رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا۔ جو لوگوں کے لیے باعث ہدایت ہے۔ پس جو کوئی اس مہینے کو پائے اسے چاہیے کہ وہ روزے رکھے۔“
اس مہینے میں فرض کا ثواب 70 گناہ اور نوافل کا ثواب فرض کے برابر ہو جاتا ہے لیکن روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا ثواب اللہ پاک خود عطا فرمائیں گے۔ حدیث شریف میں آتا ہے۔ ”روزہ صرف میرے لیے ہے اور اس کا اجر میں خود دوں گا۔“
مسلمانوں پر اللہ نے ایک احسان یہ کیا کہ سحری کھانے کی نہ اجازت دی بلکہ ثواب رکھا۔ یہود و نصارٰی میں سونے کے بعد کھانے پینے کی اجازت نہیں تھی۔ حدیث شریف میں آتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ ”سحری کھایا کرو کیونکہ سحری کھانے میں برکت ہے اور فرمایا کہ ہمارے اور اہل کتاب کے روزے کے درمیان سحری کھانے کا فرق ہے۔“
رمضان کی ایک خوبصورتی افطاری ہے لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ سارا دن ہم افطاری کی تیاری میں گزاریں۔ البتہ جب سورج غروب ہو جائے تو فوراً افطار کرنے کا حکم ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا! کہ ”لوگوں ہمیشہ خیر پر رہو گے جب تک افطاری میں جلدی کرتے رہو گے۔“
رحمت اور مغفرت کے دو عشرے گزرنے کے بعد اللہ تبارک و تعالی روزے دار کو آخری عشرہ دیتے ہیں کہ کوئی بھی جہنم میں نہ جائے اور اس کے لیے اس نے طاق راتوں میں ایک ایسی رات رکھ دی ہے کہ اس کو جو پا لے گا۔ اس کی مغفرت پکی ہو جائے گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا! ”شب قدر کو رمضان کے آخری عشرے میں تلاش کرو۔“ اللہ تعالی فرماتے ہیں۔ ”بلا شبہ ہم نے قرآن کو شب قدر میں نازل کیا۔“
ماہ صیام تیرا کیوں نہ ہو احترام
کہ نازل ہو تجھ میں اللہ کا کلام
جو شخص ایمان کے ساتھ اور ثواب کی امید رکھتے ہوئے رمضان میں روزے رکھے گا۔ قیام کرے گا یعنی (تراویح اور نوافل) وغیرہ پڑھے گا اس کے پچھلے اور اگلے سب گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔ اللہ تعالی ہمیں اس رمضان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور رمضان کو ہمارے لیے بخشش کا ذریعہ بنا امین۔




































