
ام حسن
تعارف
یومِ آزادی محض ایک جشن نہیں، بلکہ ایک عہد ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ 14 اگست 1947 کو ہم نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ یہ آزادی کسی
جنگ یا اتفاق سے نہیں ملی بلکہ ایک طویل سیاسی، فکری اور عملی جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے۔
تاریخی پس منظر
انگریز کی حکومت کے بعد برصغیر کے مسلمان بتدریج سیاسی معاشی غلامی کا شکار ہوتے گئے۔ انگریزوں نے ہندوؤں کو خوش کرنے کے لیے کافی مراعات اور نوکریاں دیں، جبکہ مسلمانوں کو محرومی کی گہری کھائی میں دھکیل دیا۔ مسلمانوں کی شناخت، تعلیم، روزگار اور مذہب سب کچھ خطرے میں تھا۔
اقبال نے کیا خوب کہاتھا ۔۔
نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ہندوستان والو
تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں
علامہ اقبال کا خواب
سن 1906میں مسلم لیگ بنی، مگر 1930 میں ڈاکٹر علامہ اقبال نے الہ آباد میں پہلی بار علیحدہ مسلم ریاست کا تصور پیش کیا۔ وہ چاہتے تھے کہ مسلمان اپنے دینی اور تہذیبی اصولوں کے مطابق آزاد ماحول میں زندگی گزاریں۔
چاہتا ہے ہر مسلمان روشنی اپنی الگ
قوم کی مانند ہو پرچم کشائی اپنی الگ
قائدِ اعظم کی قیادت
قائد اعظم محمد علی جناح نے اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سیاسی حکمت، بے مثال قیادت اور مسلسل جدو جہد کا راستہ چنا۔ انہوں نے برطانوی حکومت اور کانگریسی عزائم کے سامنے مسلمانوں کے حقوق کی بے باک نمائندگی کی۔
قائد اعظم کا مشہور فرمان
”ہم مسلمان اپنے دین سے ایک الگ قوم ہیں۔ ہمارا دین، ہمارا کلچر، ہمارا طرز زندگی سب کچھ الگ ہے۔“
قربانیاں اور ہجرت
تقسیمِ ہند کے وقت لاکھوں مسلمان شہید ہوئے، بے گھر ہوئے، خواتین کی عزتیں پامال ہوئیں، لیکن سب نے اپنے ایمان اور ایک آزاد اسلامی ریاست کے تصور پر سمجھوتا نہ کیا۔
اقبال نے فرمایا:
قافلۂ حجاز میں ایک حسین بھی نہیں!
گرچہ ہے تابدار ابھی گیسوئے دجلہ و فرات!
چودہ اگست 1947 کا عظیم دن
یہ برصغیر کی تاریخ کا عظیم ترین دن تھا جب پاکستان ایک نظریاتی اسلامی ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا یہ دن اذان، تکبیر اور ”لا الٰہ الا اللہ“ کی صداؤں سے مزین ہوا۔
آج کا پاکستان سوچ اور عمل
آزادی کے 70 سال سے زائد گزر چکے ہیں مگر کیا ہم نے وہ پاکستان بنایا؟ جس کا خواب اقبال نے دیکھا اور جس کے لیے قربانیاں دی گئیں؟
بدقسمتی سے کرپشن، ناانصافی، جہالت اور فرقہ واریت نے ہمیں تقسیم کر دیا ہے۔
اقبال آج بھی ہمیں یاد دلاتے ہیں
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
ہماری ذمہ داریاں
دیانت دار شہری بننا
علم حاصل کرنا اور پھیلانا
معاشرتی اصلاح میں کردار ادا کرنا۔
فرقہ پرستی اور نفرت کو ختم کرنا۔
آئین اور قانون کی پاسداری
خلاصۂ کلام
یومِ آزادی ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ یہ وطن ہمیں تحفے میں نہیں ملا، بلکہ اس کی پشت پر بے شمار قربانیاں ہیں۔ اب اس ملک کی حفاظت، ترقی اور نظریاتی بقا کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان صرف زمین کا ٹکڑا نہیں، یہ ایک عقیدہ ہے امانت ہے۔
اسلام زندہ باد پاکستان پائندہ باد




































