
ثمینہ الیاس
تیرے شہر کے دروبام تو میں نے سجا دیے ۔۔یہ مصرعہ سنتے ہی ذہن میں چراغاں، سڑکوں پر جھگمگاتی روشنیوں کے ہجوم اور نعتوں کی گونج سے سجا ہوا ربیع الاول کا منظر
گھوم جاتا ہے۔ ہر سال اس ماہِ مبارک کی آمد پر ہمارے شہر، گلیاں اور بازار محبتِ رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں اس شان سے سجائے جاتے ہیں کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا عشقِ رسول کا تقاضا صرف باہر کی دنیا کو سجانے تک محدود ہے؟ کیا ہم نے کبھی اپنے اندر جھانک کر یہ سوچا کہ جس ذاتِ بابرکت کی آمد پر یہ جشن منایا جا رہا ہے ،کیا ہمارے دل اور ہمارا کردار بھی اس نسبت کے لائق ہوئے ہیں؟
روشنیوں کا شور اوردلوں کے اندھیر۔۔۔۔کیا یا یہ المیہ نہیں ہے کہ ہم نے باہر تو روشنیوں کے انبار لگا دیے ہیں مگر ہمارے اخلاق، ہمارے معاملات اور ہمارے دلوں کے دروبام آج بھی جہالت، غفلت اور خود غرضی کے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں؟ جب ہی زینب،آیت نوراورآئزل جیسے واقعات ہوتے ہیں۔
سنتِ نبوی سے دوری ہماری سب سے بڑی غلطی ہے۔ ہم جشنِ ولادت کے جلوسوں میں تو بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں مگر کیا روزمرہ زندگی میں صادق و امین ہونے کی نبوی تعلیمات پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں؟معاشرتی انصاف کا فقدان ہے ،جس نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یتیموں، بیواؤں اور کمزوروں کے حقوق کا درس دیا، کیا ہم نے اپنے شہر کے پسے ہوئے طبقے کے لیے کوئی حقیقی آسانی پیدا کی ؟
کیا ہم نے محض دکھاوے کو اپنا لیا ہے؟
"محبوب کی خوشی کا اصل تقاضا یہ ہے کہ اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزاری جائے، نہ کہ صرف اس کے نام پر رسومات کی حد تک خود کو محدود کر لیا جائے۔"
آج ہمیں اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے کہ کیا ہمارا یہ جشن محض ایک سالانہ رسم بن کر رہ گیا ہے؟کیا ہم نے اپنے عمل سے کبھی نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی کوشش کی ہے؟کیا ہمارے شہر کے دروبام تو سج گئے ہیں، لیکن ہمارے کردار سے محبتِ رسول کی کوئی خوشبو پھوٹتی ہے؟
اب وقت ہے خود سے سوال کرنے کا۔۔۔
ربیع الاول کا مہینہ ہمیں یہ دعوتِ فکر دیتا ہے کہ ہم محض ظاہری سجاوٹ پر اکتفا نہ کریں۔ اپنے دلوں کی زمین کو صاف کریں، اپنے اخلاق کے دروبام کو سیرتِ طیبہ کے نور سے منور کریں اور اپنے عمل سے ثابت کریں کہ ہم اپنے آقا (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے سچی محبت کرتے ہیں۔
کیا آپ کے خیال میں ہمارے معاشرے میں اس ظاہری سجاوٹ کے ساتھ باطنی سیرت کو اپنانے کا سفر کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟


































