
ثمینہ الیاس
گیارہ ستمبر کا دن پاکستانی تاریخ کا ایک انتہائی غم ناک اور تاریک دن ہے۔ اِس دن ہمارے عظیم رہبر، بانیِ پاکستان اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اس دارِ فانی سے کوچ
کر گئے تھے۔ آپ 11 ستمبر 1948ء کو کراچی میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے۔
تحریکِ پاکستان اور قائدِ اعظم کی جدوجہد
محمد علی جناحؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ اور آزاد وطن دلانے کے لیے دن رات ایک کر دیا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قانون کی بالادستی، دیانت داری اور مسلمانوں کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے گزاری۔ آپ کی مدبرانہ قیادت ہی کا نتیجہ تھا کہ صرف چند سال کی پرخلوص جدوجہد کے بعد 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر "پاکستان" کے نام سے ایک آزاد اسلامی مملکت وجود میں آ گئی۔
صحت کی خرابی اور آخری ایام
آزادی کے فوراََ بعد قائد اعظم کی دن رات کی محنت اور مسلسل سیاسی مشقت نے ان کی صحت پر گہرے اثرات چھوڑے۔ وہ طویل عرصے سے عارضہ قلب اور ٹی بی جیسی موذی بیماری میں مبتلا تھے لیکن انہوں نے اپنی بیماری کو کبھی بھی قوم کی خدمت کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ زندگی کے آخری ایام میں وہ علاج کی غرض سے زیارت اور کوئٹہ بھی گئے، لیکن طبیعت سنبھل نہ سکی اور جب 11 ستمبر کو انہیں کراچی لایا گیا تو وہ کچھ ہی دیر بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
قوم کے لیے بڑا نقصان
قائد اعظم کی وفات پاکستان بننے کے صرف تیرہ ماہ بعد ہی ہو گئی۔ اتنے کم عرصے میں ایک نوزائیدہ ملک کو سنبھالنا اور پاؤں پر کھڑا کرنا ایک بہت بڑا چیلنج تھااور ایسے وقت میں قائد اعظم کا سایہ سر سے اٹھ جانا پوری قوم کے لیے ایک ایسا صدمہ تھا جس کا ازالہ ممکن نہ تھا۔
ہماری ذمہ داری
گیارہ ستمبر کا دن ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہمارے قائد نے کتنی قربانیوں کے بعد ہمیں یہ آزاد ملک لے کر دیا۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم قائد اعظم کے بتائے ہوئے اصولوں "اتحاد، یقینِ محکم اور نظم و ضبط" پر عمل کرتے ہوئے اپنے پیارے وطن پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ یہی قائد اعظم کے ساتھ ہماری سچی محبت کا ثبوت ہو گا۔


































