
عشاء بنت فاروق
کائنات میں ہر شے کا ایک قرینہ ہے، ہر ذرے کا ایک سلیقہ ہے۔ ستارے ادب سے اپنے مدار میں گردش کرتے ہیں۔ ہواادب سے چلتی ہے، دریا ادب سے
کناروں میں بہتے ہیں۔ اگر یہ ادب کا بندھن ٹوٹ جائے تو نظامِ عالم درہم برہم ہو جائے۔ پھر انسان جو اشرف المخلوقات ہے، وہ کیونکر بے ادب رہ سکتا ہے؟
ادب محض ہاتھ باندھنے یا سر جھکانے کا نام نہیں، ادب تو روح کی نفاست ہے، دل کی لطافت ہے، کردار کی طہارت ہے۔ جس طرح خوشبو پھول میں پوشیدہ ہوتی ہے، اسی طرح ادب انسان کے اندر پوشیدہ ہوتا ہے جو اس کے لہجے، نگاہ اور نشست و برخاست سے مہکتا ہے۔
دیکھیے! علم آگہی دیتا ہے، ہنر روزی دیتا ہے، دولت آسائش دیتی ہے مگر عزت، محبت اور دوام صرف ادب دیتا ہے۔ دنیا میں بڑے بڑے عالم آئے، بڑے بڑے ثروت مند گزرے، وقت نے ان کے نام مٹا دیے، لیکن باادب لوگوں کے نام آج بھی زندہ ہیں۔ کیوں؟ اس لیے کہ علم دماغ میں رہتا ہے اور ادب دلوں میں اتر جاتا ہے۔
ادب کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے۔ وہیں سے انسان سیکھتا ہے کہ بولنا کیسے ہے، سننا کیسے ہے، مانگنا کیسے ہے، اور دینا کیسے ہے۔ پھر یہی ادب استاد کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کرنے، والدین کے سامنے نگاہیں جھکانے، اور خالق کے سامنے پیشانی ٹیکنے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔
افسوس کہ آج ہم نے ہنر تو سیکھ لیے، زبانیں تو سیکھ لیں، فنون تو حاصل کر لیے مگر ادب کو فراموش کر دیا۔ ہم اپنے بچوں کو کہتے ہیں انگریزی سیکھو، کمپیوٹر سیکھو، ڈاکٹر بنو، انجینئر بنو، مگر یہ نہیں کہتے کہ باادب بنو۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بے ادب ڈاکٹر مریض کی جان سے کھیل جاتا ہے اور باادب انسان ان پڑھ ہو کر بھی مسیحا بن جاتا ہے۔
یاد رکھیے! آسمان کی بلندی پر وہی پہنچتا ہے جو زمین پر جھکنا جانتا ہو۔ درخت جتنا پھل دار ہوتا ہے، اتنا ہی جھک جاتا ہے۔ یہی ادب کا فلسفہ ہے۔ ادب انسان کو جھکنا سکھاتا ہے اور جھکنے والا ہی بلند ہوتا ہے۔
پس اے عزیز! اگر زندگی میں تاج چاہتے ہو، وقار چاہتے ہو، دلوں پر راج چاہتے ہو تو ادب کو اپنا شعار بنا لوکیونکہ بے ادب ہر مقام سے گر جاتا ہے اور باادب ہر دل میں اتر جاتا ہے۔


































