
طیبہ شاکر
ایک دو دن کی بات نہیں،یہ نصف صدی کا قصہ ہے ، جب دنیا اپنی ترقی کی انتہاؤں کی طرف گامزن
تھی اور لوگ ورطہ حیرت میں تھے ، ہواؤں کے دوش پر چند سیکنڈوں میں ہزارہا میل کی مسافت پر آواز کا پہنچنا ، ٹنوں من وزنی لوہے کا ہوا میں اڑنا اور تو اور ایک چھوٹے سے ڈبے میں ساری دنیا کا سما جانا ، ابھی لوگ اسی کے سحر سے نہ نکلے تھے کہ ایک اور دھماکے دار خبر نے لوگوں کے ہوش اڑا دئیے ایک ننھے منے بچے کی پیدائش ہوئی جو بظاہر کوئی خاص بات معلوم نہیں ہوتی تھی وہی ذریعہ تھا بات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کا لیکن اس کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس میں نہ کوئی تار تھا نہ کوئی اور بظاہر نظر آنے والی چیز بقول شخصے " چھوٹی سی ڈبیا میں اوئی اوئی کے بیج"
جی تو جناب !!! اس ننھی سی مگر حیرت انگیز چیز نے دنیا ہی بدل کر رکھ دی ۔۔۔۔۔۔اب نہ تار کی ضرورت نہ ٹیلی فون کی ، گھڑی کی بھی چھٹی ہوئی اور کیلنڈر بھی ۔۔لمبی تان کر سو گئے ، اخبار اور رسائل بھی اس کی گرفت میں آ گئے۔
محو حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہو جائے گی
جہاں اتنی خوبیاں پیدا ہوئیں وہیں بہت سی خرابیاں بھی در آئیں۔۔۔۔۔۔۔لوگوں کے تعلقات آہستہ آہستہ ختم ہوتے گئے ، سوشل کنٹریکٹ ناپید ہو گیا اب بطاہر سامنے بیٹھا شخص ہر چیز سے بے نیاز ہو گیا۔ جہاں دنیا گلوبل ولیج بنی وہیں تعلقات بھی سکڑتے چلے گئے اب حالت یہ ہے کہ "میں آفاق میں گم ہوں اور مجھ میں آفاق " میں نے بچوں کو بھی نہ چھوڑا اور ان سے ان کا بچپن چھین لیا اب نہ انہیں کھلونے چاہئیں اور نہ کھیل بس ہاتھ میں مجھے تھما دو تو نہ بھوک پیاس اور نہ ہی کوئی لڑائی جھگڑا لیکن جونہی میں ان کے ہاتھ سے لیا جاؤں تو جھگڑا ہی جھگرا۔
آپ سمجھ تو گئے ہونگے کہ میں کون ہوں؟
جی ہاں!!! بالکل درست سمجھے، میرا نام " موبائل " اور میں ابھی تک کی بہترین ایجاد ہوں۔
دیکھیے، ہر چیز کے اچھے اور برے پہلو ہوتے ہیں میری درخواست ہے کہ میرے اچھے پہلوؤں سے فائدہ اتھائیے اور برے پہلوؤں کو نظرانداز کیجئیے ان شااللہ کامیاب رہیں گے۔
آخر میں آپ سے یہی کہوں گا کہ
"میرا پیغام ہے محبت جہاں تک پہنچے"



































