
سعدیہ عارف
"تعلیم وہاں پھلتی پھولتی ہے جہاں محبت، احترام اور اعتماد کا ماحول ہو، نہ کہ خوف اور سزا کا۔"
اسکول کو بچے اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں ایک معصوم ذہن خواب دیکھنا سیکھتا ہے، جہاں کردار بنتا ہے، جہاں علم کی روشنی دل و دماغ کو منور کرتی ہے۔ لیکن اگر یہی جگہ خوف، سختی، بے جا ڈانٹ ڈپٹ اور ذہنی دباؤ کی علامت بن جائے تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ واقعی اسکول ہے یا ایک قید خانہ؟
آج بھی کئی بچے ایسے ہیں جو اسکول جانے کے نام سے گھبرا جاتے ہیں۔ اس کی وجہ کتابوں کی مشکل نہیں بلکہ بعض اوقات ایسا ماحول ہوتا ہے جہاں غلطی کی گنجائش نہیں، سوال پوچھنے کی آزادی نہیں، اور ہر وقت سزا کا خوف رہتا ہے۔تعلیم کا مقصد صرف امتحان میں نمبر لینا نہیں بلکہ اچھا انسان بنانا بھی ہے۔ اگر ایک بچہ اعلیٰ نمبر لے آئے لیکن اس کا اعتماد ختم ہو جائے، اس کی شخصیت دب جائے اور وہ خوف کے سائے میں جینا سیکھ لے تو ایسی تعلیم اپنے اصل مقصد سے دور ہو جاتی ہے۔
ایک عظیم استاد وہ نہیں جو صرف سبق مکمل کر دے بلکہ وہ ہے جو بچوں کے دلوں میں امید جگائے، ان کے اندر چھپی صلاحیتوں کو پہچانے، ان کی غلطیوں کو اصلاح کا موقع سمجھے اور ان کی حوصلہ افزائی کرے۔
والدین اور اساتذہ دونوں کو مل کر ایسا تعلیمی ماحول پیدا کرنا چاہیے جہاں بچے آزادی سے سوال پوچھ سکیں، اپنی رائے کا اظہار کر سکیں، اپنی غلطیوں سے سیکھ سکیں اور ہر نئے دن کے ساتھ مزید بہتر انسان بن سکیں۔اسکول کی دیواریں صرف اینٹوں سے نہیں بنتیں بلکہ اساتذہ کی شفقت، محبت، اخلاق اور رہنمائی سے بنتی ہیں۔ ایک مسکراتا ہوا استاد ہزاروں کتابوں سے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
آئیے ہم ایسے تعلیمی ادارے بنائیں جہاں بچے خوشی سے آئیں، محبت کے ساتھ سیکھیں اور اعتماد کے ساتھ واپس جائیں کیونکہ جو اسکول محبت بانٹتے ہیں، وہی عظیم قوموں کی بنیاد رکھتے ہیں۔
"بچوں کو خوف سے نہیں، محبت سے تعلیم دیجیے، کیونکہ محبت سے حاصل کیا گیا علم پوری زندگی روشنی دیتا ہے ۔



































