
سعدیہ عارف
آج کا دور جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور نت نئے رجحانات کا دور ہے۔ جہاں ترقی نے انسان کو بے شمار سہولیات فراہم کی ہیں، وہیں بعض ایسی عادات بھی
تیزی سے فروغ پا رہی ہیں جو ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ انہی خطرناک رجحانات میں کم عمر بچوں اور نوجوانوں میں سگریٹ نوشی اور ویپ ،ای سگریٹ کا بڑھتا ہوا استعمال انتہائی تشویشناک ہے۔
چند سال پہلے تک سگریٹ نوشی زیادہ تر بالغ افراد تک محدود سمجھی جاتی تھی، مگر آج اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی عمر کے طلبہ میں بھی اس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سے بھی زیادہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ویپ کو جدید، فیشن ایبل اور نسبتاً محفوظ متبادل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ویپ میں مختلف خوشبوؤں اور ذائقوں جیسے اسٹرابیری، چاکلیٹ، آم، تربوز، انگور، پودینہ، کافی اور دیگر میٹھے فلیور شامل کیے جاتے ہیں، جو خاص طور پر کم عمر بچوں اور نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ رنگ برنگے ڈیزائن، دلکش پیکنگ، سوشل میڈیا پر تشہیر اور دوستوں کا دباؤ نوجوانوں کو یہ باور کراتا ہے کہ ویپنگ ایک جدید اور بے ضرر عادت ہے، جبکہ حقیقت میں یہ آہستہ آہستہ جسم اور دماغ دونوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔
بدقسمتی سے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز، مختصر کلپس، فلموں، ڈراموں اور بعض انفلوئنسرز کے ذریعے سگریٹ اور ویپ کو ایک فیشن اور اسٹائل کی علامت بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ نوجوان ان چیزوں سے متاثر ہو کر بغیر کسی تحقیق کے ان کا استعمال شروع کر دیتے ہیں۔ ابتدا میں یہ صرف تجسس، دوستوں کی نقل یا وقتی شوق ہوتا ہے، مگر یہی شوق آہستہ آہستہ ایک خطرناک نشے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ویپ میں موجود نکوٹین انتہائی نشہ آور مادہ ہے، جو دماغ کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے، خصوصاً ان بچوں اور نوجوانوں میں جن کی عمر ابھی اٹھارہ سے پچیس سال کے درمیان ہوتی ہے۔ نکوٹین یادداشت، توجہ، سیکھنے کی صلاحیت اور فیصلہ کرنے کی قوت کو متاثر کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ویپ استعمال کرنے والے نوجوانوں میں پڑھائی سے دلچسپی کم ہونا، ذہنی دباؤ، بے چینی، چڑچڑاپن اور توجہ کی کمی جیسے مسائل عام ہوتے جا رہے ہیں۔
ویپنگ صرف دماغ ہی نہیں بلکہ پھیپھڑوں، دل اور سانس کے نظام کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ مسلسل استعمال سے سانس لینے میں دشواری، دائمی کھانسی، سینے میں درد، پھیپھڑوں کی بیماریاں، دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی اور دیگر پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ بعض ممالک میں ویپ سے منسلک پھیپھڑوں کی شدید بیماریوں کے کیسز بھی سامنے آ چکے ہیں، جن میں نوجوانوں کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔
اس کے علاوہ سگریٹ اور ویپ دونوں انسان کو آہستہ آہستہ دوسری خطرناک منشیات کی طرف بھی لے جا سکتے ہیں۔ اکثر تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نشے کی ابتدا معمولی تجربے سے ہوتی ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ انسان زیادہ طاقتور نشہ آور اشیاء کی طرف مائل ہونے لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین ویپنگ کو بھی نشے کے دروازے کی پہلی سیڑھی قرار دیتے ہیں۔
سگریٹ نوشی اور ویپنگ صرف صحت کو نقصان نہیں پہنچاتیں بلکہ معاشی، سماجی اور اخلاقی مسائل بھی پیدا کرتی ہیں۔ کم عمر بچے اپنی جیب خرچ کا بڑا حصہ ان اشیاء پر خرچ کرنے لگتے ہیں، بعض اوقات چوری، جھوٹ اور دیگر غلط رویوں کا بھی سہارا لیتے ہیں۔ والدین اور بچوں کے درمیان اعتماد متاثر ہوتا ہے، جبکہ تعلیمی کارکردگی میں بھی نمایاں کمی آ جاتی ہے۔
آج والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں پر صرف پابندیاں عائد نہ کریں بلکہ ان کے دوست بنیں، ان سے کھل کر بات کریں، ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں اچھے اور برے کی تمیز سکھائیں۔ صرف مہنگے موبائل فون یا جیب خرچ فراہم کرنا والدین کی ذمہ داری پوری نہیں کرتا بلکہ بچوں کی صحبت، ذہنی کیفیت، سوشل میڈیا کے استعمال اور روزمرہ معمولات پر بھی نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔
تعلیمی اداروں کی ذمہ داری بھی کم نہیں۔ اسکولوں اور کالجوں میں انسدادِ تمباکو نوشی اور انسدادِ منشیات سے متعلق آگاہی پروگرام، سیمینارز، ورکشاپس اور مشاورتی نشستوں کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ طلبہ کو ابتدائی عمر ہی میں ان نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ ایسے طلبہ کی بروقت نشاندہی کریں جن کے رویوں میں غیر معمولی تبدیلیاں ظاہر ہوں اور والدین کے ساتھ مل کر ان کی رہنمائی کریں۔
حکومت اور متعلقہ اداروں پر بھی لازم ہے کہ کم عمر بچوں کو سگریٹ اور ویپ کی فروخت پر سختی سے پابندی عائد کریں، قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں، غیر قانونی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں اور سوشل میڈیا پر ایسی اشتہاری مہمات کی نگرانی کریں جو نوجوانوں کو ان مصنوعات کی طرف راغب کرتی ہیں۔
دینی اور اخلاقی اعتبار سے بھی ہر وہ چیز جو انسان کی صحت، عقل، جان اور مستقبل کو نقصان پہنچائے، قابلِ مذمت ہے۔ ایک صحت مند جسم اور متوازن ذہن اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں، جن کی حفاظت ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔یہ حقیقت ہمیں تسلیم کرنی ہوگی کہ اگر آج ہم نے اپنی نوجوان نسل کو سگریٹ، ویپ اور دیگر نشہ آور اشیاء سے محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو آنے والے برسوں میں ہم ایک ایسی نسل کا سامنا کریں گے جو جسمانی، ذہنی اور اخلاقی مسائل کا شکار ہوگی۔ اس لیے والدین، اساتذہ، علماء، میڈیا، حکومت اور معاشرے کے ہر فرد کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
جوانی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ اسے وقتی فیشن، دوستوں کے دباؤ یا سوشل میڈیا کے رجحانات کی نذر نہ کریں۔ صحت مند عادات اپنائیں، کھیلوں، تعلیم، مطالعہ اور مثبت سرگرمیوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ ایک مضبوط، صحت مند اور باشعور نوجوان ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کی ضمانت ہوتا ہے۔ "یاد رکھیں ! سگریٹ اور ویپ وقتی لطف ضرور دے سکتے ہیں، لیکن ان کے نقصانات زندگی بھر کا پچھتاوا بن سکتے ہیں۔ اپنے آپ کو، اپنی صحت کو اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔



































